نئی دہلی: گزشتہ ہفتہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبۂ سوشل ورک کا لان این جی او میلہ 2026 کے لیے ایک جاندار اور رنگا رنگ مرکز میں تبدیل ہو گیا۔ اپنی نوعیت کا یہ منفرد پروگرام طلبہ اور این جی اوز کو ایک پلیٹ فارم پر لانے میں کامیاب رہا، جس سے تعلیمی اداروں اور شہری سماج کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوطی ملی اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہوا۔
اس تقریب کا افتتاح جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے کیا۔ انہوں نے ذاتی طور پر تمام اسٹالز کا دورہ کیا، 12 شریک این جی اوز کے نمائندوں سے ملاقات کی اور انہیں اعزاز سے نوازا۔ اپنے خطاب میں پروفیسر آصف نے موجودہ دور میں این جی اوز کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے طلبہ میں “معاشرے کو کچھ واپس دینے” کے جذبے کو فروغ دینے پر زور دیا۔
سماجی علوم کے ڈین پروفیسر زبیر مینائی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ میلہ کس طرح شعبہ اور اس سے وابستہ اداروں کے درمیان تعاون کو بڑھاتا ہے، جو سماجی خدمت کے طلبہ کے لیے اہم فیلڈ ورک مراکز کے طور پر کام کرتے ہیں۔ شعبۂ سوشل ورک کے سربراہ پروفیسر رویندر رمیش پاٹل نے این جی او میلے کے تصور اور تعلیمی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کے درمیان مضبوط ربط کی اہمیت پر گفتگو کی۔
اس پروگرام کی کنوینر ڈاکٹر ہیم بورکر نے کہا کہ یہ میلہ سوشل ورک میں “پریکسس” (عملی اطلاق) کی حقیقی عکاسی کرتا ہے، جہاں نظریہ اور عمل کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے۔ میلے کی سرگرمیوں کے آغاز سے قبل رسمی تقریب کا اختتام قومی ترانے پر ہوا۔
اس این جی او میلے میں 12 نمایاں تنظیموں نے شرکت کی، جن میں شامل ہیں:
- دی ہوپ پروجیکٹ
- کمیونٹی ایڈ اسپانسرشپ پروگرام (CASP) – دہلی چیپٹر
- دی انرجی اینڈ ریسورسز انسٹی ٹیوٹ (TERI)
- گونج
- چیشائر ہوم – دہلی چیپٹر
- منزل ویلفیئر سوسائٹی
- فاؤنڈیشن فار ایکول سٹیزن شپ (FFEC)
- کتھا
- لائٹ ہاؤس کمیونٹیز فاؤنڈیشن
- مارتھا فیرل فاؤنڈیشن
- دی کری ایٹو تھنکرز فورم
- بٹر فلائز
ہر این جی او نے اپنے پیشہ ورانہ تربیتی مراکز میں تیار کردہ مصنوعات اور خدمات کی نمائش کی، جس نے طلبہ کو عملی تجربہ حاصل کرنے اور سماجی خدمات کے مختلف پہلوؤں کو قریب سے سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔

