وادی کے اہل قلم اور شعراء نے کی شرکت
گل حسین کی کتاب.عشقہ تیمبر کی رسمِ رونمائی
سرینگر /کے پی ایس /وائس ٹی وی اردو کی جانب سے معروف شاعرہ گل حسین صاحبہ کی تحریر کردہ کتاب عشقہ تیمبر کی رونمائی کے موقع پر ایک پْروقار ادبی تقریب اور محفلِ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں کشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے معروف شعرائے کرام، ادیبوں، قلم کاروں اور اہلِ ذوق نے شرکت کی۔
کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق محفل کی صدارت وائس ٹی وی اردو کے کوآرڈی نیٹر اورنامور شاعر وقلمکار مجید مسرور نے کی، جبکہ معروف شاعر یاسین دریگامی، شاعرہ گاش روحی، مظفرحسین،انجینئر شہہباز،فیاض دلگیر،ڈاکٹر واحد رضا جوان سال شاعرشاہ ذبیر، نعیم خان سمیت متعدد اہلِ قلم اور شعرائے کرام نے شرکت کی۔ شعرائے کرام نے اپنا کلام پیش کرکے محفل کو شعری رنگ عطا کیا۔محفل کی نظامت کے فرائض معروف اسکالر،ادیب،محقق، شاعراور ڈاکٹر واحد رضانے نہایت خوبصورتی اور منفرد انداز سے انجام دئے۔
انہوں نے محفل کے مختلف مراحل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا۔اس موقعہ پر کتاب پر ڈاکٹر واحد رضانے تبصرہ پیش کرتے ہوئے کتاب کے ادبی و فکری پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور مصنفہ کی کاوش کو سراہا۔ نامورنوجوان شاعر، قلمکاراور مصنف شاہ ذبیر نے بھی کتاب کے حوالے سے اپنا مقالہ پیش کیا، جس میں کتاب کے موضوع، اسلوب اور ادبی اہمیت پر گفتگو کی گئی۔تقریب کے دوران گل حسین کی شال پوشی کی گئی اور انہیں کتاب کی رونمائی پر دلی مبارک باد پیش کی گئی۔ اس موقعہ پر وائس ٹی وی اردو کے کوآرڈی نیٹر مجید مسرور، ممتاز نسوانی آوازاور منفرد لب ولہجہ کی شاعرہ گاش روحی، معروف شاعر ونعت خواں یاسین دریگامی، نامور اسکالر ڈاکٹر واحد رضا،کیمرہ مین الطاف بٹ اور نعیم احمد سمیت دیگر معزز شخصیات کی بھی شال پوشی کی گئی اور ان کی ادبی خدمات کو سراہا گیا۔اس موقعہ پر گل حسین کے شوہر محمد حمزہ میر کی بھی عزت افزائی کی گئی۔ انہیں شال پہنا کر ان کی موجودگی اور تعاون کو سراہا گیا۔ تقریب میں محمد حمزہ میر کے دو قریبی رشتہ دار، خورشید احمد اور جاوید احمد بھی موجود تھے، جنہوں نے دیگر معزز مہمانوں کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی اور محفل کی رونق میں اضافہ کیا۔
شرکائے محفل نے کہا کہ اس طرح کی ادبی سرگرمیاں کشمیر کی زبان و ادب کے فروغ، نوجوان نسل کو ادبی سرگرمیوں سے جوڑنے اور وادی کی شاندار ادبی روایت کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔تقریب ایک پْروقار اور خوشگوار ادبی ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں شعر و ادب سے وابستہ شخصیات نے ایک دوسرے کے ساتھ ادبی خیالات کا تبادلہ کیا اور گل حسین صاحبہ کو ان کی نئی کتاب کی رونمائی پر مبارک باد پیش کی۔آخر پر مجیدمسرور نے مہمانوں کاشکریہ اداکیاگیا۔
