جنگِ آزادی میں علماء کی قربانیوں اور ملک کی عظمت پر تاریخی گفتگو
(دھولیہ) جمعیۃ علماء (مولانا ارشد مدنی) کے زیرِ اہتمام مولوی گنج، مرکز مسجد کے پاس ’’یادِ محبانِ وطن‘‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان پروگرام منعقد ہوا، جس میں شہر کی عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ پروگرام کی صدارت جمعیۃ علماء ضلع دھولیہ کے نائب صدر مولانا عابد مظفر قاسمی نے فرمائی، جب کہ مقررِ خصوصی کی حیثیت سے صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر، صدر المدرسین مدرسہ سراج العلوم بھیونڈی اور نو منتخب نائب امیرِ شریعت مہاراشٹر حضرت مولانا حلیم اللہ قاسمی نے خطاب کیا۔
پروگرام کا آغاز حافظ محمد حمود کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، بعدہ بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں نعتِ رسول پیش کی گئی ۔ ایاز احمد ایاز رکن مجلس عاملہ کی نظامت نے چار چاند لگادیے ۔
خصوصی خطاب میں مولانا حلیم اللہ قاسمی دامت برکاتہم نے ہندوستان کی عظمت، اس کی تاریخی و تہذیبی اہمیت اور ملک کی آزادی کے لیے پیش کی جانے والی قربانیوں پر نہایت مؤثر، شیریں اور شگفتہ انداز میں روشنی ڈالی۔ انھوں نے جنگِ آزادی میں مسلمانوں، بالخصوص علمائے کرام کے ناقابلِ فراموش کردار کو تاریخی حوالوں کے ساتھ بیان کرتے ہوئے کہا کہ آزادیِ وطن کی جدوجہد ایک طویل داستانِ قربانی ہے، جس میں علماء اور مسلمانوں نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، جانوں کے نذرانے پیش کیے اور اپنے وطن کی آزادی کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے سے گریز نہیں کیا
مولانا نے اپنے مخصوص انداز میں موجودہ سیاست کے بعض پہلوؤں پر گہرا نقد و طنز کرتے ہوئے مجاہدینِ آزادی کی قربانیوں اور ان کی ناقدری کی طرف توجہ دلائی۔ تاریخی واقعات کو دلچسپ اور دل نشیں انداز میں پیش کرنے کی وجہ سے سامعین پوری طرح متوجہ رہے۔ ان کی گفتگو میں تاریخ، طنز، فکر اور حب الوطنی کا حسین امتزاج نمایاں تھا، جس سے حاضرین نے بھرپور استفادہ کیا۔
مولانا نے نسلِ نو کو آزادی کی تاریخ سے واقف کرانے پر بھی بہت زور دیا ۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب کی تقریباً پون گھنٹے جاری رہنے والی گفتگو کے اختتام پر بھی عوام میں مزید سننے کی تشنگی محسوس کی گئی۔
اس موقع پر جمعیۃ علماء دھولیہ کی جانب سے حضرت مولانا حلیم اللہ قاسمی کو نائب امیرِ شریعت مہاراشٹر منتخب ہونے پر صدر جمعیۃ علماء ضلع دھولیہ حافظ حفظ الرحمٰن صاحب اور نائب صدر و صدرِ جلسہ مولانا عابد مظفر قاسمی صاحب کے دستہائے مبارکہ سے خصوصی طور پر تہنیت و استقبال بھی پیش کیا گیا۔
اس عظیم الشان پروگرام میں حضرت مولانا کے ساتھ جمعیۃ مہاراشٹر کے معزز اراکین میں مولانا اشتیاق صاحب، حافظ محمد عارف صاحب کے علاوہ مولانا شکیل قاسمی، مولانا مبین ملی، مشتاق صوفی، یوسف پاپا سر، حاجی شوال امین، شیخ پرویز، مختار شریف، عارف عرش، پپو ملا، مختار منصوری،
خان ابوالعاص، اگا حاجی، عبدالمحیط میکانک، اعجاز احمد،ڈاکٹر خلیل، مسعود احمد کے علاوہ مجلس عاملہ و منتظمہ کے ارکان موجود تھے ۔
آخر میں مہمانِ مکرم مولانا حلیم اللہ قاسمی کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا ۔
