طبی بنیادوں پر عرفان سراج پاڈا کی رہائی منظور، جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کی قانونی امداد کمیٹی نے کی پیروی
نئی دہلی،۔ گودھرا ٹرین سانحہ مقدمے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے مسلم ملزم عرفان سراج پاڈا کو سپریم کورٹ آف انڈیا سے بڑی قانونی راحت ملی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے ملزم کی خراب صحت کو بنیاد بناتے ہوئے مشروط ضمانت منظور کرلی۔ عرفان گزشتہ 18 برس سے جیل میں قید ہیں۔ ان کے مقدمے کی پیروی جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کی قانونی امداد کمیٹی کی جانب سے کی گئی۔
ملزم کی جانب سے سینئر ایڈووکیٹ ایس ناگا متھو عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ ان کے ساتھ ایڈووکیٹ آن ریکارڈ قرۃ العین نے بھی قانونی پیروی کی۔ جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پرسنا بی ورالے پر مشتمل سپریم کورٹ کی بینچ نے سینئر ایڈووکیٹ ایس ناگا متھو اور گجرات ہائی کورٹ کی نمائندگی کرنے والی ایڈووکیٹ سواتی گھیلدیال کے دلائل سننے کے بعد یہ فیصلہ سنایا۔
سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے ابتدا میں ملزم کی ضمانت پر رہائی کی مخالفت کی۔ تاہم عدالت کی جانب سے طبی بنیادوں پر ضمانت دیے جانے کا عندیہ ملنے کے بعد سرکاری وکیل نے درخواست کی کہ اس فیصلے کو دیگر ملزمین کے لیے نظیر نہ بنایا جائے، کیونکہ ان پر سنگین الزامات ہیں۔ عدالت نے اپنے حکم میں واضح کیا کہ عرفان سراج پاڈا کو صرف طبی بنیادوں پر ضمانت دی جا رہی ہے۔
2018 میں سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھیں اپیلیں
گودھرا ٹرین سانحہ مقدمے میں گجرات ہائی کورٹ سے عمر قید کی سزا پانے والے ملزمین کی جانب سے سال 2018 میں سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کی گئی تھیں۔ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے توسط سے عمر قید کی سزا پانے والے 31 ملزمین نے عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا تھا۔
گزشتہ سال سپریم کورٹ میں ان اپیلوں پر حتمی سماعت شروع ہوئی تھی، لیکن متعلقہ جج کی سبکدوشی کے باعث معاملہ ملتوی ہوگیا تھا۔ اس کے بعد ملزم عرفان کی خراب صحت کے پیش نظر ان کی ضمانت کی درخواست پر الگ سے سماعت کرنے کی گزارش کی گئی تھی۔
گودھرا مقدمے میں 94 مسلم نوجوان ہوئے تھے گرفتار
27 فروری 2002 کو ایودھیا سے سابرمتی ایکسپریس کے ذریعے واپس آنے والے 59 کارسیوکوں کی ٹرین کے ایک ڈبے میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اس واقعے کے بعد قتل، اقدام قتل اور مجرمانہ سازش سمیت مختلف الزامات کے تحت تحقیقاتی ایجنسیوں نے 94 مسلم نوجوانوں کو گرفتار کیا تھا۔
مقدمے کی سماعت کے دوران نچلی عدالت نے 63 ملزمین کو ثبوتوں کی عدم موجودگی میں بری کردیا تھا، جبکہ 20 ملزمین کو عمر قید اور 11 ملزمین کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔
بعد ازاں 9 اکتوبر 2017 کو گجرات ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ، جس میں جسٹس اننت ایس دوے اور جسٹس جی آر وادھوانی شامل تھے، نے 987 صفحات پر مشتمل فیصلے میں 20 ملزمین کی عمر قید کی سزاؤں کو برقرار رکھا، جبکہ سزائے موت پانے والے 11 ملزمین کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیا تھا۔
عرفان سراج پاڈا کو طبی بنیادوں پر ضمانت ملنے سے اس طویل مقدمے میں ایک ملزم کو راحت ضرور ملی ہے، تاہم دیگر ملزمین کی اپیلوں پر سپریم کورٹ میں قانونی کارروائی جاری ہے۔
