بھاگلپور: ریشمی شہر بھاگلپور سے عازمینِ حج کا پہلا قافلہ کلکتہ کے لیے روانہ ہو گیا، جہاں سے 18 اپریل کو تمام عازمین مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ اس سال بھاگلپور سے مجموعی طور پر 135 عازمینِ حج روانہ ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر ہر سال کی طرح امسال بھی بھاگلپور ریلوے اسٹیشن کے احاطے میں خدام الحجاج بھاگلپور اور نصرت ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام استقبالیہ و اجتماعی دعائیہ تقریب کے لیے خصوصی کیمپ قائم کیا گیا۔ کیمپ میں عازمینِ حج کی گلپوشی کی گئی اور انہیں کھانے پینے کی اشیاء پر مشتمل کٹس بطورِ تحفہ پیش کی گئیں، جبکہ ان کے اہلِ خانہ کے لیے بھی مناسب انتظامات کیے گئے۔
تقریب کے دوران حج پر روانہ ہونے والے مفتی الیاس قاسمی اور مولانا مظہر الحق نے اجتماعی دعا کرائی اور عازمینِ حج کے لیے خیروبرکت کی دعائیں کیں۔
حاجیوں کی خدمت میں متعدد سماجی و مذہبی شخصیات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جن میں مولانا اسجد ناظری، مولانا زاہد حلیمی، مدرسہ دارالعلوم اسعدیہ کھیری باندھ کے بانی و مہتمم، مفتی محمد خورشید انور قاسمی، مولانا محمد عفان عباسی، حاجی محمد امتیاز، حاجی محمد عمر فاروق، ڈاکٹر حبیب مرشد خان، ایڈووکیٹ منظر عالم، رضوان خان، حافظ اشعر، شاہد حلیمی، حافظ مجاہد سمیت دیگر افراد شامل تھے۔ دارالعلوم اسعدیہ کے اساتذہ و طلبہ نے بھی اس موقع پر نمایاں کردار ادا کیا۔
شہر کے متعدد سماجی کارکنان اور معززین بھی عازمینِ حج کو رخصت کرنے اور دعاؤں میں شریک ہونے کے لیے موجود رہے۔ اطلاع کے مطابق مئی میں دوسرا قافلہ دہلی روانہ ہوگا، جہاں سے ان شاء اللہ ان کی پرواز مکہ مکرمہ کے لیے ہوگی۔

