ممبئی۔موت ایک اٹل حقیقت ھے جس سے کسی ذی روح کو مفر نہیں ہر نفس کو ایک دن اس کا ذائقہ چکھنا ھے مگر بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کا وصال صرف ایک خاندان یا حلقۂ احباب کا نقصان نہیں ہوتا بلکہ پوری ملت سماج اور روحانی دنیا کو سوگوار کر دیتا ھے ایسی ہی باوقار اور بافیض شخصیت *حضرت پیر لال شاہ قادری اشرفیؒ* کی تھی جن کے انتقال سے طریقت روحانیت اور خدمتِ خلق کے میدان میں ایک ایسا خلا پیدا ہوا ھے جس کی تلافی آسان نہیں
*حضرت پیر لال شاہ قادری اشرفیؒ* کے سانحۂ ارتحال پر آل انڈیا علماء بورڈ کے زیرِ اہتمام ممبئی میں ایک پروقار تعزیتی مجلس منعقد ہوئی جس میں علماء، مشائخ اور بورڈ کے ذمہ داران نے شرکت کرکے مرحوم کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی
صدرِ مجلس مولانا نوشاد احمد صدیقی صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ *حضرت پیر لال شاہ قادری اشرفیؒ* کی رحلت سے طریقت اصلاحِ معاشرہ اور خدمتِ خلق کے میدان میں غم کی ایک لہر دوڑ گئی ھے انہوں نے اپنی پوری زندگی محبت اخلاص انسان دوستی اور دینِ اسلام کی خدمت میں گزاری ان کی علمی و روحانی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی
بورڈ کے سیکریٹری علامہ بنئی حسنی صاحب نے اپنے اظہارِ خیال میں کہا کہ مرحوم نے صوفیانہ تعلیمات کو عام کرنے لوگوں کے دلوں میں محبتِ الٰہی پیدا کرنے اور انسان کو اپنے رب سے جوڑنے کا عظیم فریضہ انجام دیا ان کی سادہ زندگی اعلیٰ کردار اور مخلصانہ دعوت آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی ان شاء اللہ
مجلس میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا کہ *حضرت پیر لال شاہ قادری اشرفیؒ* آل انڈیا علماء بورڈ کے صدر پیرزادہ امیر قادری شفیقی صاحب کے والدِ محترم تھے ان کے وصال پر بورڈ کے تمام اراکین نے پیرزادہ صاحب اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی بے پایاں رحمتوں سے نوازے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل اور اجرِ عظیم نصیب فرمائے
اس تعزیتی مجلس میں مولانا عبدالقدوس شاکر حکیمی صاحب مولانا نورالدین احمد صاحب مولانا محمد رستم عادل قاسمی صاحب، مولانا ثابت علی نقشبندی صاحب سمیت آل انڈیا علماء بورڈ کے تمام اراکین نے شرکت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا کی
اللہ تعالیٰ *حضرت پیر لال شاہ قادری اشرفیؒ* کی کامل مغفرت فرمائے ان کی دینی روحانی اور اصلاحی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور ان کے فیوض و برکات کو جاری و ساری رکھے
آمین یا رب العالمین

