سرینگر/کے پی ایس, شکر شاہ دھمبالی ڈانس سینٹر گوپال پورہ چاڈورہ کے زیرِ اہتمام سے ضلع بڈگام کے سیاحتی مقام نیل ناگ میں کشمیری روایتی لوک رقص دھمبالی پر مبنی ایک رنگا رنگ ثقافتی پروگرام منعقد ہوا۔ کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق پروگرام وزارتِ ثقافت حکومتِ ہند کی ریپرٹری گرانٹ (گرو ششیہ پرمپرا) اسکیم کے تحت منعقد کیا گیا۔پروگرام میں مقامی لوگوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کشمیری تہذیب و ثقافت کی عکاسی کرنے والے روایتی دھمبالی ڈانس سے بھرپور لطف اٹھایا۔ شکر شاہ دھمبالی ڈانس سینٹر کے فنکاروں نے اپنی شاندار، پْرجوش اور رنگا رنگ پیشکش سے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ اس نوعیت کے ثقافتی پروگراموں کا مقصد کشمیری لوک فنون و ثقافت کا تحفظ، فروغ اور نئی نسل کو اپنی روایتی ثقافتی وراثت سے روشناس کرانا ہے۔پروگرام کی ہدایت شکر شاہ دھمبالی ڈانس سینٹر کے صدر منظور احمد شاہ نے انجام دی۔

