79 ہزار 832 طلبہ کو دی جائیں گی ڈگریاں، 64 ہونہار طلبہ 88 تمغوں سے ہوں گے سرفراز
آگرہ، : ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر یونیورسٹی کا 92واں جلسۂ تقسیم اسناد 3 اگست کو صبح 10 بجے سوامی وویکانند کھنداری کیمپس واقع شیواجی منڈپم میں منعقد ہوگا۔ جلسے کی صدارت اترپردیش کی گورنر و یونیورسٹی کی چانسلر محترمہ آنندی بین پٹیل کریں گی، جبکہ قومی کونسل برائے اساتذہ تعلیم (NCTE)، وزارت تعلیم، حکومت ہند کے چیئرمین پروفیسر پنکج اروڑہ مہمان خصوصی ہوں گے۔ اترپردیش حکومت کے کابینی وزیر یوگیندر اپادھیائے اور وزیر مملکت رجنی تیواری بطور مہمان اعزازی شرکت کریں گے۔
یہ اطلاع ہفتہ کو یونیورسٹی کے شعبۂ تعلقات عامہ کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس میں وائس چانسلر پروفیسر آشو رانی نے دی۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے صد سالہ جشن کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریبات میں یہ جلسۂ تقسیم اسناد ایک اہم پروگرام ہوگا، جس میں تعلیم، تحقیق، اختراع، خواتین کی صحت، کھیل، ثقافت اور یونیورسٹی کی ترقی سے متعلق متعدد پروگرام پیش کیے جائیں گے۔
وائس چانسلر کے مطابق اس سال یونیورسٹی کی جانب سے مختلف نصاب کے 79 ہزار 832 طلبہ کو ڈگریاں عطا کی جائیں گی۔ ان میں 55 ہزار 686 گریجویٹ، 9 ہزار 150 پوسٹ گریجویٹ، 14 ہزار 826 پروفیشنل کورسز کے طلبہ، 167 پی ایچ ڈی ریسرچ اسکالرز اور 3 اسکالرز کو ڈی لٹ کی ڈگری شامل ہے۔
تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 64 ہونہار طلبہ کو 88 تمغوں سے نوازا جائے گا۔ ان میں 46 طالبات اور 18 طلبہ شامل ہیں۔ یہ تعداد یونیورسٹی میں طالبات کی بہتر تعلیمی کارکردگی کی عکاسی کرتی ہے۔
مغربی بنگال کے دستکار کو اعزازی ڈگری
یونیورسٹی کی جانب سے ہندوستانی روایتی دستکاری اور دیہی صنعت کاری کے تحفظ و فروغ میں نمایاں خدمات انجام دینے والے مغربی بنگال کے معروف گولڈن گراس (مَدور) دستکار ارَھندو شیکھر داس کو اعزازی ڈگری سے سرفراز کیا جائے گا۔
وائس چانسلر نے بتایا کہ ارَھندو شیکھر داس گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے روایتی ہندوستانی دستکاری کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر شناخت دلانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے تقریباً 50 دیہی دستکاروں، خصوصاً خواتین، کو روزگار فراہم کرکے انہیں خود کفیل بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
100 طالبات کی مفت HPV ویکسینیشن
جلسۂ تقسیم اسناد کے دوران خواتین کی صحت کے حوالے سے بھی خصوصی پہل کی جائے گی۔ 14 سے 15 سال کی عمر کی 100 طالبات کو مفت HPV ویکسین لگائی جائے گی۔ اس مہم میں چیف میڈیکل آفیسر آگرہ کا خصوصی تعاون رہے گا۔
ویکسینیشن کے بعد چانسلر محترمہ آنندی بین پٹیل ہر طالبہ کو یونیورسٹی کے ہوم سائنس انسٹی ٹیوٹ کے شعبۂ خوراک و غذائیت کی جانب سے تیار کردہ خصوصی نیوٹریشن باسکٹ بھی فراہم کریں گی، جس میں راگی بسکٹ، آملہ کینڈی، انرجی لیمن ڈرنک، کیریمل مکھانے اور مورنگا مٹھری سمیت دیگر غذائیت بخش اشیاء شامل ہوں گی۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد نوعمر لڑکیوں میں غذائیت اور سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے حوالے سے بیداری پیدا کرنا ہے۔
کھلاڑیوں اور اساتذہ کی بھی حوصلہ افزائی
جلسے میں آل انڈیا یونیورسٹی مقابلوں، کھیلو انڈیا، نارتھ زون اور مختلف قومی سطح کے مقابلوں میں یونیورسٹی کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی خصوصی طور پر اعزاز سے نوازا جائے گا۔ طلائی اور چاندی کے تمغے حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو نقد انعامات بھی دیے جائیں گے۔
اس موقع پر بہترین اساتذہ کا اعزاز، اساتذہ کی لکھی ہوئی کتابوں کی رونمائی، گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طلبہ اور ریسرچ اسکالرز کی پذیرائی بھی کی جائے گی۔
ڈیجیٹل ڈگری کا لائیو مظاہرہ
تقریب میں یونیورسٹی کی ترقیاتی رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ نیشنل اکیڈمک ڈپازٹری (NAD) پر ڈیجیٹل ڈگری اپ لوڈ کیے جانے کا لائیو مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔
یونیورسٹی کے کمیونٹی ریڈیو 90.4 ’آگرہ کی آواز‘ کی جانب سے ایک خصوصی ڈاکیومنٹری فلم بھی پیش کی جائے گی، جس میں یونیورسٹی کے صد سالہ جشن اور دیگرتقریبات کی اہم جھلکیاں دکھائی جائیں گی۔
اس کے علاوہ اسکولی طلبہ کی ثقافتی پیشکشیں، HPV مہم میں تعاون کرنے والے انتظامی و پولیس افسران کا اعزاز، آنگن واڑی کارکنوں کو غذائی کٹس اور پرائمری اسکولوں کو کتابوں کی تقسیم بھی پروگرام کا حصہ ہوگی۔
کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد
چانسلر محترمہ آنندی بین پٹیل یونیورسٹی کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد بھی رکھیں گی۔ افتتاح ہونے والے منصوبوں میں یونیورسٹی ماڈل اسکول کی تزئین و توسیع، میاواکی (ندھی ون) منصوبہ، چانکیہ سدن اور گیسٹ ہاؤس کی تزئین و آرائش، سینٹر فار لیگل ایجوکیشن ’صد سالہ بھون‘، کَناَد ہائی ٹیک انسٹرومنٹیشن سینٹر، بابا بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمے کے مقام کی تزئین، چھلے سر کیمپس میں صد سالہ دروازہ، لان ٹینس کورٹ اور سڑک و پارکنگ کی تعمیر شامل ہیں۔
اس کے علاوہ امبیڈکر بھون اور 12 رہائشی یونٹس پر مشتمل ٹیچرس ہوم کی تزئین و آرائش کے کام کا سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔
طالبات اور طلبہ کے لیے نئے ہاسٹل کی تیاری
وائس چانسلر نے بتایا کہ گوپال گنج کیمپس میں طالبات کے لیے ہاسٹل جبکہ سلطان گنج کیمپس میں طلبہ کے لیے ہاسٹل تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے موجودہ خستہ حال عمارتوں کو منہدم کرنے کا عمل شروع ہوچکا ہے اور محکمہ تعمیرات عامہ سے ضروری اجازت بھی حاصل کرلی گئی ہے۔ چانسلر کے معائنے کے بعد آئندہ کے لائحۂ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔
وائس چانسلر نے میڈیا نمائندگان سے اپیل کی کہ جلسۂ تقسیم اسناد میں داخلہ صرف معتبر دعوت نامے کے ذریعے ہوگا۔ صحافیوں سے مقررہ وقت سے قبل تقریب گاہ پہنچنے اور اپنی موجودگی یقینی بنانے کی اپیل کی گئی ہے۔
پریس کانفرنس میں رجسٹرار اجے مشرا، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر اوم پرکاش، فنانس آفیسر سدرشن، پروفیسر بھوپیندر سوروپ شرما، پروفیسر پردیپ شری دھر، ڈاکٹر سویتلانا، ڈاکٹر سندیپ، ترون، پروفیسر شرد اپادھیائے اور تعلقات عامہ کی افسر پوجا سکسینہ سمیت دیگر افسران موجود رہے۔

