جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ سوشل ورک نے 105ویں یوم تاسیس تقریبات کے موقع پر ڈاکٹر ایم۔ انصاری آڈیٹوریم میں ’قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے امکانات‘ کے موضوع پر ایک اہم پینل مباحثہ منعقد کیا۔ یہ پروگرام شعبہ کے سالانہ یادگاری خطبہ سیریز ایس آر محسنی کا بھی حصہ تھا۔
مقررین میں پروفیسر انل سہرابدھے (این ای ٹی ایف، این بی اے، این آئی آر ایف اور ای سی اے کے چیئر مین)، پروفیسر ممی ڈالا جگادیش کمار (سابق چیئر مین یوجی سی اور جے این یو کے سابق وائس چانسلر) اور پروفیسر ڈی پی اگروال (سابق چیئر مین یو پی ایس سی) شامل تھے۔ پروگرام کی نظامت پروفیسر نیلو فر افضل، پروفیسر منی شاجی تھامس اور پروفیسر ارچنا دسی نے کی، جبکہ صدر شعبہ سوشل ورک پروفیسر آر۔ آر پاٹل بھی موجود تھے۔
پروگرام کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت اور جامعہ اسکول کے طلبہ کی جانب سے جامعہ کا ترانہ پیش کرنے سے ہوا۔ پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی، مسجل جامعہ ملیہ اسلامیہ نے این ای پی کے پینل میں اہم کردار ادا کرنے پر زور دیا اور ہندوستانی علوم و فنون کو عصری تعلیم میں شامل کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
پروفیسر ممی ڈالا جگادیش کمار نے این ای پی کی توجہ تنقیدی فکر، تحقیق اور تخلیقی ماحول پر مرکوز ہونے کی اہمیت پر بات کی اور طلبہ میں تحقیق کی ترغیب دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ این ای پی کے نفاذ کا یہ بہترین وقت ہے تاکہ ملک کے لیے ایک پائیدار، پرامن اور صحت مند مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔
پروفیسر ڈی پی اگروال نے اساتذہ کے کردار اور تعلیم میں لچک کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ این ای پی طلبہ میں قدر افزائی کے لیے اساتذہ کو ڈرائیونگ فورس مانتی ہے۔ پروفیسر انل سہرابدھے نے جامعہ کی تحقیق، تدریس اور این ای پی کے نفاذ کی کامیابی پر تبصرہ کیا اور کہا کہ یونیورسٹی میں تحقیق اور علمی اشتراک کے مواقع طلبہ اور اساتذہ کے لیے مسلسل دستیاب ہیں۔
پروفیسر منی شاجی تھامس نے چار سالہ انڈر گریجویٹ پروگرام، ملٹی پل ایگزٹ سسٹم اور اکیڈمک بینک کریڈٹ کے کامیاب نفاذ کو اجاگر کیا۔ پروفیسر مظہر آصف، شیخ الجامعہ نے اختتامی صدارتی گفتگو میں پینل ماہرین کا شکریہ ادا کیا اور این ای پی کے نفاذ کے لیے جامعہ کے عزم کو دہرایا۔
پروگرام کے اختتام پر شعبہ سوشل ورک کے پلیسمنٹ کتابچے کا اجرا ہوا، جبکہ دن کے دوران کتابوں کی نمائش ’Celebrating Founders & University Authors‘ اور ڈاکٹر ذاکر حسین لائبریری کے زیر اہتمام جامعہ آتھرز کلیکشن کی کتابیات کا اجرا بھی ہوا۔

