رپورٹ۔ شوذب منیر
علی گڑھ میں جشن غوث الوراء کی روح پرور محافل سے فضا عقیدت و محبت سے معمور ہوگئی۔ ضلع کی مختلف خانقاہوںدرگاہوں اور مدارس میں سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی المعروف غوث پاک کی یاد میں خصوصی محافل کا اہتمام کیا گیا، جہاں عقیدتمندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ زہرا باغ میں واقع مدرسہ فیضان مصطفیٰ میں بھی جشن غوث الوراء کی عظیم الشان محفل منعقد ہوئی۔ محفل میں کثیر تعداد میں عقیدتمند شریک ہوئے۔ اس موقع پر ذکر و تذکرہ، دینی تعلیمات اور اولیائے کرام کی گراں قدر خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔ پوری محفل کا ماحول سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی کی محبت، عقیدت اور روحانی فیض سے سرشار رہا۔

سر سید نگر میں واقع خانقاہ نیازیہ میں النیاز ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام عظیم الشان جشن غوث الوراء کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر طریقت ڈاکٹر محمد عباس نیازی نے کہا کہ غوث پاک کی مبارک زندگی کا سب سے نمایاں پہلو شریعت مطہرہ سے بے مثال وابستگی اور اس کی مکمل پاسداری ہے۔ آپ نے دین کی تجدید و احیا کے لیے شریعت کو ہمیشہ مقدم رکھا اور لوگوں کو دین کی حقیقی تعلیمات کی طرف متوجہ کیا۔ آپ نے معاشرے میں پھیلنے والی بدعات و خرافات کے خلاف بھرپور جدوجہد کی اور شریعت کے منافی رسومات کی جڑیں کاٹنے کے ساتھ لوگوں کو دین پر مضبوطی اور اخلاص کے ساتھ عمل کرنے کی ترغیب دی۔انہوں نے کہا کہ حضرت عبدالقادر جیلانی کی مبارک زندگی کا ایک بڑا حصہ درس و تدریس، وعظ و نصیحت اور اصلاح امت میں گزرا۔ آپ نے اپنے علم، عمل، تقویٰ اور روحانی فیض کے ذریعے بے شمار لوگوں کے دلوں کو ایمان کی روشنی سے منور کیا۔ آپ نے دین متین کی حقانیت کو لوگوں کے دلوں میں راسخ کیا، بدعقیدگی کی تاریکی کو دور کیا اور قرآن و سنت کی بالادستی قائم کرنے کے لیے اپنی پوری زندگی وقف کردی۔انہوں نے کہا کہ غوث پاک کی شان و عظمت کا احاطہ الفاظ میں ممکن نہیں۔ آپ کی بے شمار شانیں ہیں اور اگر آپ کے کمالات کا شمار کیا جائے تو انسانی زندگی ختم ہوجائے گی، مگر آپ کی عظمت و کمالات کا بیان مکمل نہیں ہوسکے گا۔ آپ کی تعلیمات آج بھی انسانیت کے لیے مشعل راہ ہیں اور آپ کی مبارک زندگی اخلاص، تقویٰ، شریعت کی پابندی اور خدمت دین کا روشن نمونہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم صرف محافل منعقد کرکے عقیدت کا اظہار نہ کریں بلکہ غوث پاک کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کریں، قرآن و سنت سے اپنی وابستگی مضبوط کریں، شریعت کی پابندی اختیار کریں اور اپنے کردار و عمل سے دین کی حقیقی ترجمانی کریں۔ یہی اولیائے کرام سے سچی محبت اور عقیدت کا تقاضا ہے۔اس موقع پر جھنڈا کشائی کی رسم بھی ادا کی گئی۔
اس سلسلے میں ڈاکٹر محمد عباس نیازی نے بتایا کہ کربلا شریف، عراق میں منعقدہ عالمی کانفرنس میں مدعو کیے جانے پر یہ جھنڈا انہیں غوث اعظم کی درگاہ کی جانب سے عطا ہوا تھا۔ اس موقع پر قصیدہ غوثیہ پڑھا گیا، غوث پاک کی شان میں منقبت خوانی ہوئی اور بارگاہ غوث الوراء میں منظوم خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس کے بعد فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا اور پھر امن و امان کے لیے دعا کی گئی۔
اس موقع پر حیدر علی نیازی، حافظ فرقان نیازی، صفدر نیازی، جعفر نیازی، حیدر عباس نیازی، روحان نیازی، علی زمن نیازی، علی حسنین نیازی، عباد نیازی، فخری علی نیازی، سرور عظیم نیازی، کریم نیازی، خسرو نیازی، سرور عظیم نیازی، سعید احمد نیازی، عدنان نیازی، آصف نیازی، عاطف نیازی،
مذمل نیازی اور متعدد عقیدتمند موجود تھے۔
وہیں زہرا باغ میں واقع مدرسہ فیضان مصطفیٰ میں منعقدہ جشن غوث الوراء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید جمال احمد نے کہا کہ آسمان ولایت کے نیر تاباں، قطب عالم، محبوب اولیا اور عظیم المرتبت شخصیت سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ وہ جلیل القدر بزرگ ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے محی الدین کے لقب سے سرفراز فرمایا۔ آپ کی پوری زندگی دین حق کی سربلندی، شریعت کی پاسداری، قرآن و سنت کی تعلیمات کی ترویج اور انسانوں کو صراط مستقیم کی طرف بلانے میں گزری۔انہوں نے کہا کہ یکم رمضان المبارک کو سیدنا غوث پاک بغداد شریف کے قریب قصبہ جیلان میں پیدا ہوئے۔ آپ نسب کے اعتبار سے نہایت بلند مقام رکھتے تھے۔ آپ والد گرامی کی طرف سے امام حسن مجتبی کی گیارہویں اور والدہ ماجدہ کی طرف سے امام حسین کی بارہویں نسل سے تھے۔ آپ کا خاندان صالحین اور نیک بندگان خدا کا گھرانا تھا اور لوگ آپ کے خاندان کو اشراف کا خاندان کہا کرتے تھے۔
وہیں انکلیو کالونی، حضرت نظام الدین کالونی، نشاط باغ، مدرسہ فیضان بدر الہند، مدرسہ مدینۃ الاسلام، رضا نگر، مدرسۃ المدینہ ، مدرسہ عربیہ ازہر العلوم، مدرسہ قادریہ برکاتیہ، مدرسہ دار ارقم ،مدرسہ فیضان غریب نواز، مدرسہ محمد علی، مدرسہ لطفیہ، مدرسہ فیضان مولی علی سمیت مختلف خانقاہوں ، مدارس میں بھی جشن غوث الوراء کی محفل کا اہتمام کیا گیا۔
