کانگریس صرف ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ بھارت کی روح اور جمہوری اقدار کی نمائندہ ہے: بشیر الحق راکی
آگرہ۔یومِ تاسیسِ کانگریس کے موقع پر شہر کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے صدر بشیر الحق راکی نے کہا کہ کانگریس صرف ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ بھارت کی روح اور جمہوری اقدار کی سچی نمائندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریکِ آزادی سے لے کر آئینِ ہند کی تشکیل اور ملک کی یکجہتی و سالمیت کو مضبوط بنانے تک کانگریس کا کردار تاریخی اور ناقابلِ فراموش رہا ہے۔
بشیر الحق راکی نے کہا کہ موجودہ دور میں جب ملک میں نفرت، فرقہ واریت اور عدم برداشت کو فروغ دینے کی کوششیں ہو رہی ہیں، ایسے حالات میں کانگریس کی سیکولر، ہمہ گیر اور جمہوری فکر پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر گئی ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ تمام مذاہب، طبقات اور برادریوں کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی اپنائی ہے اور اقلیتوں، دلتوں، پسماندہ طبقات اور سماج کے کمزور طبقوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مسلسل جدوجہد کی ہے۔
بشیر الحق راکی نے پارٹی کارکنان سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کی آئینی، جمہوری اور سیکولر سوچ کو عوام تک پہنچائیں اور تنظیم کو نچلی سطح پر مضبوط کریں تاکہ ملک میں سماجی ہم آہنگی اور جمہوریت کو مزید تقویت مل سکے۔

