رپورٹ: ایس۔ منیر
علی گڑھ۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے رجسٹرار پروفیسر آصف ظفر نے اے ایم یو ٹیچرز ایسوسی ایشن (AMUTA) کے سکریٹری اشرف متین اور ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کو سخت الفاظ میں سرزنش کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔ یہ نوٹس 25 دسمبر 2025 کو ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں منظور کی گئی اس قرارداد کے سلسلے میں جاری کیا گیا ہے، جو 24 دسمبر 2025 کو یونیورسٹی کیمپس میں فائرنگ کے افسوسناک واقعہ میںاستاد کی موت سے متعلق تھی۔
رجسٹرار آفس کی جانب سے 27 دسمبر 2025 کو جاری مکتوب میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ قرارداد، جسے اشرف متین نے بحیثیت سیکریٹری دستخط کر کے سوشل میڈیا پر بھی جاری کیا، اس میں وائس چانسلر کے حوالے سے “نااہلی اور عدم حساسیت” اور “بے شرمانہ دفاع” جیسے الفاظ استعمال کیے گئے، جو نہایت نامناسب، غیر شائستہ اور قابلِ مذمت ہیں۔
خط میں واضح کیا گیا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ اساتذہ کی تنظیم کے اظہارِ خیال اور تعمیری تنقید کے آئینی حق کا احترام کرتی ہے، تاہم اس طرح کی تضحیک آمیز اور توہین آمیز زبان وائس چانسلر کے عہدے کی وقار مجروح کرتی ہے، یونیورسٹی کی شبیہ کو نقصان پہنچاتی ہے اور ادارے کے اندر باہمی احترام اور علمی ماحول کو متاثر کرتی ہے۔
رجسٹرار نے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری اقدامات پر شائستہ اور مہذب انداز میں تنقید ایک تسلیم شدہ حق ہے، لیکن تنقید اور ذاتی کردار کشی کے درمیان فرق کو ہر حال میں برقرار رکھنا ضروری ہے، بالخصوص اس وقت جب معاملہ پولیس تحقیقات کے مرحلے میں ہو۔ ایسے حالات میں اس نوعیت کی قرارداد ادارہ جاتی ہم آہنگی کو نقصان پہنچا سکتی ہے اور جاری تفتیش کو متاثر کر سکتی ہے۔
خط میں یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ قرارداد کے مندرجات، زبان اور لہجے کی ذمہ داری صرف سیکریٹری پر عائد نہیں ہوتی بلکہ ایگزیکٹو کمیٹی کے تمام ارکان اس کے اجتماعی طور پر ذمہ دار ہیں۔ اجتماعی فیصلے کی آڑ میں اجتماعی جوابدہی ختم نہیں ہو جاتی۔
رجسٹرار نے اے ایم یو ٹیچرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کو ہدایت دی ہے کہ وہ سات (07) دن کے اندر تحریری طور پر وضاحت پیش کریں کہ ان کے خلاف تادیبی کارروائی کیوں نہ شروع کی جائے۔ ساتھ ہی مستقبل میں اس طرح کی غیر شائستہ، توہین آمیز یا غیر مصدقہ الزامات سے باز رہنے کی سخت تنبیہ بھی کی گئی ہے، بصورتِ دیگر یونیورسٹی کے قواعد کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس مکتوب کی نقل اے ایم یو ٹیچرز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے تمام اراکین اور وائس چانسلر کے پرسنل سیکریٹری کو اطلاع اور عمل آوری کے لیے ارسال کر دی گئی ہے۔

