اکادمی، عزت مآب شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسر مظہر آصف اور پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی، مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ کی شکر گزار ہے کہ انہوں نے ہولسٹک ایجوکیشن ٹرسٹ کے اشتراک سے ورکشاپ منعقد کرنے کی منظوری دی اوراس سلسلے میں ہرممکن مدد فرمائی۔
اردوکی درسی کتابوں پر نظر ثانی اور مواد کی تیاری کے سلسلے میں ایک سہ ورکشاپ اردو اکادمی برائے فروغ استعداد اردو میڈیم اساتذہ،نوم چامسکی کامپلیکس،جامعہ ملیہ اسلامیہ کی لائبریری کم کمیٹی روم میں مورخہ آٹھ اکتوبر تا دس اکتوبر دوہزار پچیس کو منعقد ہوا۔ یہ ورکشاپ پہلی اور تیسری جماعت کی ماحولیاتی مطالعات سے متعلق اردو کی درسی کتابوں کی نظر ثانی پر مرکوز تھا۔واضح ہو کہ اکادمی برائے فروغ استعداد اردو میڈیم اساتذہ(اے پی ڈی یو ایم ٹی)،جامعہ ملیہ اسلامیہ اور ہولسٹک ایجوکیشن ٹرسٹ(ایچ ای ٹی) دہلی کا یہ مشترکہ ورکشاپ تھا۔ ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد مذکورہ جماعتوں کی درسی کتابوں پر نظر ثانی اور اس کے مشمولات کو قومی تعلیمی پالیسی دوہزار بیس(این ای پی۔دوہزار بیس) قومی نصابی خاکہ برائے اسکولی تعلیم دوہزار بائیس(این سی ایف ایف ایس۔دوہزار بائیس) اور قومی نصابی خاکہ برائے اسکولی تعلیم (این سی ایف ایس ای۔دوہزارتیئس) کے رہنما اصولوں سے ہم آہنگ کرنا
تھا۔
ورکشاپ کے آغاز میں پروفیسر جسیم احمد،اعزازی ڈائریکٹر اکادمی برائے فروغ استعداد اردو میڈیم اساتذہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے تمام ماہرین خصوصی کے ساتھ ساتھ ورکشاپ کے کورآڈی نیٹر جناب انعام اللہ فلاحی، ڈاکٹر عبد الواحد نظیرؔ اور ڈاکٹر حنا آفرین کا خیر مقدم کیا۔انھوں نے ورکشاپ کے بنیادی اغراض ومقاصد کی وضاحت کے علاوہ مواد کی ترتیب و تنظیم کے اصول و ضوابط،قومی نصابی خاکہ دوہزار تیئس میں مذکور نصابی اہداف پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔پروفیسر احمد نے اپنی گفتگو میں درسی کتابوں پر نظرثانی کی اہمیت اجاگر کی اور شرکاسے کہاکہ وہ متون پر نظر ثانی کرتے ہوئے ان میں اقدار،تہذیب اور ملک کی علمی وتہذیبی ورثے کی شمولیت کے لیے گنجائشیں پید اکریں۔ انھوں نے طلبہ میں اکیسویں صدی کی مہارتیں پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زوردیا۔
ماحولیاتی مطالعات کے سلسلے کا یہ تیسرا ورکشا پ تھا جو درجہ اول اور دوم کے اساتذہ کے لیے ہینڈ بک کو قطعی شکل دینے اور درجہ سوم اور پنجم کی ماحولیاتی تعلیم سے متعلق مواد کی تیاری پر مرکوز تھا۔
ورکشاپ کے دوران درسی کتابوں پر نظر ثانی اور مواد کی تیاری میں تدابیر اور حکمت عملی پر ورکشاپ کے ماہرین خصوصی کے تبادلہ خیالات سے تیارشدہ موادکی قدر اور معنویت میں اضافہ ہوا۔ ورکشاپ میں گروپ کے ساتھ ساتھ فرداً فرداًبھی مضامین کے ماہرین کے ساتھ ایک مثبت اور بامعنی مکالمہ ہوا جس سے موجودہ کتابوں میں نئے ابواب کی شمولیت اور پرانے ابواب میں مشمولات کی تازہ کاری کے ساتھ نئی نسل کی ضروریات سے ہم آہنگ کتاب کی تیاری میں معاونت ہوئی۔ دس اکتوبر دوہزار پچیس کو اختتام پذیرورکشاپ میں نظر ثانی شدہ ابواب اور جدید تر مواد کا خاکہ سامنے آیا۔ اور یہ طے پایا کہ آئندہ ورکشاپ میں تیار شدہ ابواب کو مزید غور وخوض کے لیے ماہرین کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ ماحولیاتی مطالعات سے متعلق تیسری اور پانچویں جماعت کی درسی کتابوں کی تیاری کا کام مکمل کیا جاسکے۔
ڈاکٹر واحد نظیر کے شکریے کے ساتھ سہ روزہ ورکشاپ دس اکتوبر کو شام پانچ بجے اختتام پذیر ہوا۔

