آگرہ: شہر کے ممتاز تعلیمی ادارے انوری نیلوفر گرلز انٹر کالج میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں استاد اور سماجی مفکر تبسم عباس کو ’’بہترین استاد ‘‘ کی ٹرافی دے کر اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔ یہ اعزاز ادارے کی پرنسپل کرن یادو نے ان کی شاندار تدریسی خدمات، مثالی نظم و ضبط اور طالبات کی ہمہ جہت نشوونما میں نمایاں کردار کے اعتراف میں پیش کیا۔
تقریب میں اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد شریک رہی۔ پرنسپل کرن یادو نے اپنے خطاب میں کہا کہ تبسم عباس ایک مخلص، باصلاحیت اور ذمہ دار استاد ہیں، جو طالبات میں اخلاقی قدروں، سماجی شعور اور خود اعتمادی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کا تدریسی اسلوب جدت، معیار اور خلوص پر مبنی ہے۔
اعزاز حاصل کرنے کے بعد تبسم عباس نے ادارے کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرافی ان کے لیے حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہے اور وہ مستقبل میں بھی طالبات کی تعلیم و تربیت کے لیے اپنی بھرپور خدمات جاری رکھیں گی۔
تقریب کے اختتام پر طالبات نے پُرتپاک تالیوں کے ساتھ اپنی محبوب معلمہ کو مبارکباد پیش کی۔ ادارے کی انتظامیہ نے امید ظاہر کی کہ ایسے اعزازات اساتذہ میں مثبت جذبہ پیدا کریں گے اور شعبۂ تعلیم میں اعلیٰ کارکردگی کی نئی مثال قائم کریں گے۔

