ملک بھر میں بیداری پروگرام، شجرکاری، صفائی اور پانی کے تحفظ کے حوالے سے عوام کو کیا گیا بیدار
آگرہ۔ دعوتِ اسلامی انڈیا کے فلاحی شعبہ غریب نواز ریلیف فاؤنڈیشن (GNRF) کی جانب سے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر شروع کی گئی ملک گیر ’’Save Nature (قدرت بچاؤ)‘‘ مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ اس مہم کا مقصد عوام میں ماحولیات کے تحفظ، صفائی، شجرکاری، پانی کے تحفظ اور قدرتی وسائل کے تئیں ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا تھا۔
مہم کے تحت ملک کی مختلف ریاستوں اور شہروں میں اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، مدارس، ٹیوشن سینٹروں، عوامی مقامات اور مختلف اداروں میں بیداری پروگرام، سیمینار اور خصوصی نشستوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان پروگراموں میں طلبہ، اساتذہ، سماجی کارکنان اور عام شہریوں نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
پروگراموں کے دوران ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی، صفائی ستھرائی، پانی کے تحفظ اور زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی اہمیت کے بارے میں عوام کو بیدار کیا گیا۔
ماحولیاتی تحفظ میں نوجوان اہم کردار ادا کریں: پروفیسر حاجی ذیشان
پروگرام کے مرکزی مقرر GNRF کے قومی صدر پروفیسر حاجی ذیشان صاحب نے ’’آزادی ایک نعمت ہے‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے۔ مضبوط، صاف ستھرے اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر اسی وقت ممکن ہے جب ملک کے نوجوان تعلیم یافتہ، باشعور، نظم و ضبط کے پابند اور ماحولیات کے تحفظ کے تئیں ذمہ دار ہوں۔
انہوں نے نوجوانوں سے ملک و معاشرے کی فلاح و بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔
عارف عطاری نے ’’Save Nature‘‘ مہم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کا تحفظ صرف ایک دن کی مہم نہیں بلکہ ہر شہری کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام سے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے، ان کی نگہداشت کرنے اور پلاسٹک کے استعمال کو کم کرنے کی اپیل کی۔
صاف اور سرسبز معاشرے کے لیے مہمات جاری رہیں گی
رضا خان عطاری، صدر آگرہ ڈویژن دعوتِ اسلامی انڈیا اور ایڈووکیٹ حاجی شانو قریشی، صدر آگرہ ڈویژن غریب نواز ریلیف فاؤنڈیشن نے کہا کہ معاشرے کو صاف، سرسبز اور باشعور بنانے کے لیے اس طرح کی مہمات مسلسل جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے ماحولیات کے تحفظ کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانے کی اپیل کی۔
پروگرام میں سماج کے تمام طبقات کے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر وکرانت کشواہا، کونسلر امیت پٹیل، نتن کوہلی، ایس ایچ اسپتال کے چیئرمین ریحان فاروقی اور وائس چیئرمین رضوان پرویز سمیت شہر کی متعدد معزز، سماجی اور دانشور شخصیات موجود رہیں۔
تمام مہمانوں نے ’’Save Nature‘‘ مہم کی ستائش کرتے ہوئے اسے ماحولیاتی تحفظ اور سماجی بیداری کی سمت میں ایک قابلِ تقلید اقدام قرار دیا۔
ہر شہری کم از کم ایک پودا لگائے اور اس کی نگہداشت کرے
پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے ماحولیات کے تحفظ کا عہد کیا۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ سال میں کم از کم ایک پودا ضرور لگائیں اور اس کی باقاعدگی سے نگہداشت کریں، تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے صاف، سرسبز اور صحت مند ہندوستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔

