شعبۂ اردو کے تین طلبہ گولڈ میڈل سے سرفراز
دھنباد/بھاگل پور: بنود بہاری مہتو کوئلانچل یونیورسٹی ، دھنباد کے دوسرے کنوکیشن تقریب کا انعقاد جمعہ، 26 دسمبر 2025 کو نیو ٹاؤن ہال، دھنباد میں کیا گیا۔ اس پروقار تقریب میں اردو شعبہ کے پوسٹ گریجویٹ سطح کے تین طلبہ کو گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔
گولڈ میڈل حاصل کرنے والوں میں فوزیہ پروین، غلام محی الدین اور سنجیدہ پروین شامل ہیں۔ تینوں طلبہ نے اردو ادب میں شاندار تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یونیورسٹی اور شعبہ اردو کا نام روشن کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی جھارکھنڈ کے گورنر و چانسلر جناب شری سنتوش کمار گنگوار تھے، جبکہ صدارت وائس چانسلر پروفیسر (ڈاکٹر) رام کمار سنگھ نے کی۔

قابلِ ذکر ہے کہ جب یہ تینوں طلبہ اردو شعبہ میں زیرِ تعلیم تھے، اس وقت شعبہ کے سربراہ کی حیثیت سے پروفیسر ڈاکٹر موصوف احمد خدمات انجام دے رہے تھے، جنہوں نے طلبہ کی تعلیمی، تحقیقی اور اخلاقی سطح پر بھرپور رہنمائی اور مسلسل حوصلہ افزائی کی۔ اس کامیابی میں ان کی سرپرستی کو اہم مانا جا رہا ہے۔
اردو شعبہ کی اس نمایاں کامیابی پر اساتذہ، طلبہ اور علمی حلقوں میں خوشی کی لہر ہے اور اسے اردو زبان و ادب کے فروغ کی سمت ایک اہمسنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

