آگرہ: معروف دینی شخصیت حاجی حافظ مفیض الدین اس دنیا فانی سے رخصت ہو کر اپنے مالکِ حقیقی سے جا ملے۔ ان کا انتقال ان کے آبائی گھر کلکتہ میں ہوا، جہاں وہ اپنے اہلِ خانہ اور احباب سے ملاقات کے لیے گئے ہوئے تھے۔
ان کے انتقال کی خبر ملتے ہی آگرہ اور کلکتہ سمیت اہلِ ایمان میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔ مرحوم کا شمار نہایت سادہ مزاج، نیک سیرت اور باعمل شخصیات میں ہوتا تھا۔
حاجی حافظ مفیض الدین کا تعلق اصل طور پر کلکتہ سے تھا۔ دینی خدمات کے آغاز میں انہوں نے آگرہ کے صدر بازار کی چھوٹی مسجد میں امامت کے فرائض انجام دیے، جہاں ان کی خوش الحانی، تقویٰ اور اخلاق سے لوگ بے حد متاثر رہے۔
بعد ازاں وہ آگرہ کے اعظم پاڑہ علاقے میں اپنے خاندان کے ساتھ سکونت پذیر تھے۔ مرحوم کے پسماندگان میں اہلِ خانہ کے علاوہ عقیدت مندوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔
اہلِ علاقہ، علماء کرام اور سماجی شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔ آمین۔

