آگرہ: مسجد نہر والی، سکندرہ کے خطیب محمد اقبال نے جمعہ کے خطبہ میں کہا کہ قرآنِ کریم کا پیغام دنیا کے ہر انسان تک پہنچانے کی ہر سنجیدہ اور مثبت کوشش قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے اپنے قاید کے جنازے میں شریک ہونے والے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے وفود کے سامنے قرآنِ کریم کی مناسب آیات کی تلاوت کا اہتمام ایک منفرد اور قابلِ توجہ اقدام ہے، جس سے یہ پیغام ملتا ہے کہ قرآنِ مجید کی تعلیمات کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکتا ہے۔
محمد اقبال نے کہا کہ کسی بھی اچھے اور مثبت کام کا جائزہ مسلکی اختلافات سے بالاتر ہو کر لینا چاہیے۔ ان کے مطابق اگر کوئی اقدام قرآن کے پیغام کو عام کرنے اور انسانیت تک اس کی تعلیمات پہنچانے میں معاون ہو تو اس کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کو باہمی اتحاد، حکمت اور دوراندیشی کے ساتھ موجودہ عالمی حالات کا سامنا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیعہ اور سنی اختلافات سے اوپر اٹھ کر امت کے مشترکہ مفادات اور اتحاد پر توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ مسلم معاشرہ عالمی سطح پر اپنا وقار مزید مضبوط بنا سکے۔
خطیب نے کہا کہ دنیا کا سیاسی اور سفارتی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، ایسے میں مسلم ممالک کو باہمی تعاون، اتحاد اور دانشمندانہ فیصلوں کے ذریعے اپنے مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔
خطبہ کے اختتام پر محمد اقبال نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مسلم حکمرانوں کو صحیح فہم، بصیرت اور امت کے بہترین مفاد میں فیصلے کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

