آگرہ/جے پور۔ آگرہ کی معروف تنظیم سی آئی وی آئی سی کے تحت جے پور کے راجا پارک واقع ہوٹل رامادا میں انٹرنیشنل آیوش کانکلیو 3.0 کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کی مختلف ریاستوں سے آئے 150 سے زائد آیوش ماہرین نے شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران گٹ ہیلتھ اور باڈی ڈیٹاکس کے موضوع پر قدرتی و جامع طریقۂ علاج کے تحت اجتماعی سیشن منعقد ہوا، جس کی بنیاد پر لیجنڈز ورلڈ ریکارڈز میں نیا عالمی ریکارڈ درج کیا گیا۔ یہ سنگِ میل آگرہ کی تنظیم CIVIC کے لیے نہایت قابلِ فخر ہے۔
تقریب کی قیادت ڈاکٹر ایم۔ ایم۔ قریشی اور سی اے ابھیشیک جین نے کی۔ افتتاح رکنِ اسمبلی بالمکند آچاریہ اور پروفیسر (ڈاکٹر) پرمود کمار سنگھ، ڈائریکٹر ہومیوپیتھی ڈپارٹمنٹ، حکومتِ اتر پردیش، نے چراغ روشن کر کے کیا۔
تقریب میں ملک کے ممتاز آیوش معالجین کو آیوش ڈائمنڈ آنر، پلیٹینم آنر، گولڈ آنر، آیوش انٹرپرینیور آنر اور لیجنڈز ورلڈ ریکارڈ سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر (ڈاکٹر) جیشری راتھوا (گجرات)، پروفیسر (ڈاکٹر) راجیو پیریس (سَنکلچند پٹیل یونیورسٹی)، پروفیسر (ڈاکٹر) رِنگو بسواس (پریاگ راج) اور ڈاکٹر دنیش بالاچ (باڑمیر) نے خطاب کرتے ہوئے قدرتی علاج اور سائنسی تحقیق کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
CIVIC کے بانی ڈاکٹر ایم۔ ایم۔ قریشی اور سی اے ابھیشیک جین نے بتایا کہ تنظیم کا مقصد آیوش طریقۂ علاج کو سائنسی بنیادوں پر مضبوط بنا کر آگرہ کو قومی آیوش ایکسی لینس مرکز کے طور پر فروغ دینا ہے۔ ان کے مطابق آگرہ اور گوا میں کامیاب ایڈیشنز کے بعد جے پور میں تیسرا ایڈیشن آئیوش نظام میں تحقیق و تعاون کا نیا سنگِ میل ثابت ہوا ہے۔
ڈاکٹر قریشی کے مطابق گٹ ہیلتھ اور باڈی ڈیٹاکس کے اجتماعی سیشن میں آیوروید، ہومیوپیتھی، یونانی، قدرتی معالجہ اور یوگا کو یکجا کر کے جسم کی فطری صفائی اور ہاضمے کی صحت بہتر بنانے کے سائنسی اصول پیش کیے گئے۔

