بھاگلپور (حبیب مرشد خاں): جمعیۃ علماء بہار کے زیرِ اہتمام جمعیۃ علماء ضلع بھاگلپور کا ایک روزہ ضلعی تربیتی ورکشاپ یسری میریج ہال، چمپانگر، بھاگلپور میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت جمعیۃ علماء بھاگلپور کے صدر حضرت مولانا عطاء الرحمن مفتاحی نے کی، جبکہ جنرل سکریٹری مولانا محمد اسجد ناظری نظر کی نگرانی و نظامت میں پروگرام خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوا۔
ورکشاپ میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے جمعیۃ علماء بہار کے صدر حضرت مولانا مفتی محمد جاوید اقبال قاسمی دامت برکاتہم نے شرکت کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ “تربیتی ورکشاپ کا مقصد ذمہ داران کو بہتر انداز میں کام کرنے کے قابل بنانا ہے۔ وقت اور حالات سے گھبرانے کے بجائے ہمت، حوصلے اور منظم منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔”
انہوں نے حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی دامت برکاتہم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کے ایمان اور دینی تعلیم کا تحفظ وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ انہوں نے منظم مکاتب کے قیام، بچوں اور بچیوں کی دینی تربیت اور صحیح عقائد کی حفاظت پر خصوصی زور دیا۔
ورکشاپ میں “مثالی مسجد، اصلاحِ معاشرہ، جمعیۃ اسٹڈی سینٹر اور منظم مکاتب” جیسے اہم موضوعات پر جمعیۃ علماء بہار کے ناظمِ تنظیم مولانا شمس تبریز رحمانی اور ناظمِ شعبہ جات مولانا سلمان قاسمی نے پروجیکٹر کے ذریعے تفصیلی پریزنٹیشن پیش کرتے ہوئے ذمہ داران کی رہنمائی کی۔ جبکہ دینی تعلیمی بورڈ کے موضوع پر مفتی عمر فاروق نے جامع پریزنٹیشن پیش کی۔
افتتاحی کلمات میں مولانا عبد اللہ قاسمی نے کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد ذمہ داران کو تنظیمی خدمات، طریقۂ کار اور اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی واقف کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء کے قیام کے صرف ایک سال بعد بھاگلپور میں بھی جمعیۃ کی بنیاد رکھی گئی تھی اور آج بھی یہ ضلع اپنے اکابرین کی ہدایات کے مطابق دینی و ملی خدمات انجام دے رہا ہے۔
جنرل سکریٹری مولانا محمد اسجد ناظری نظر نے ضلعی جمعیۃ کی سالانہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے آئندہ کے منصوبوں اور نئے شعبہ جات کے قیام پر روشنی ڈالی۔ ناظمِ تنظیم مولانا شمس تبریز رحمانی نے اجلاس کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے انجام دیا، جبکہ مولانا سلمان قاسمی نے مختلف شعبہ جات کا تعارف پیش کرتے ہوئے ان کے مؤثر نظم و نسق پر رہنمائی فراہم کی۔
ورکشاپ کی کامیابی میں مولانا ارشد ناظری ندوی، مولانا منظور قاسمی، آصف انور ندوی، مولانا عین الحق، شمیم بھائی، اطہر صاحب، حافظ صفوان اصلاحی، مولانا انصار اشاعتی، مولانا شہباز مظاہری، ماسٹر شہادت اور دیگر ذمہ داران نے نمایاں کردار ادا کیا۔ مہمانوں کی ضیافت اور انتظامات کی ذمہ داری مولانا ارشد ناظری ندوی نے بخوبی انجام دی۔
اس تربیتی ورکشاپ میں ضلع کے تمام بلاکس اور وارڈوں کے ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی۔ اختتامی اجلاس میں مفتی الیاس قاسمی، ضیاء الرحمن انصاری، نجاہت انصاری، عبدالکریم اور دیگر نے اپنے تاثرات پیش کیے۔ آخر میں صدرِ اجلاس حضرت مولانا عطاء الرحمن مفتاحی کی دعا کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

