سی بی ایس ای 10 ویں امتحان میں89.8فیصد نمبر حاصل کئے
انبالہ/جالندھر، محنت، لگن اور مستقل مزاجی کی ایک بہترین مثال قائم کرتے ہوئے پولیس ڈی اے وی پبلک اسکول کی قابل اور ذہین طالبہ بشری ناز، دختر مظہر عالم، نے سی بی ایس ای دسویں جماعت کے بورڈ امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 500 میں سے 402 نمبر (89.8 )فیصد(حاصل کئے۔ اس شاندار کارکردگی کے ذریعے انہوں نے نہ صرف اپنے اسکول بلکہ پورے جالندھر شہر اور مسلم سماج کا نام روشن کیا ہے۔
بشری ناز کی اس کامیابی پر اسکول انتظامیہ، اساتذہ، طلبہ اور شہر کے مختلف طبقات کی جانب سے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اسکول کے اساتذہ نے کہا کہ بشری ناز ایک محنتی، باصلاحیت طالبہ ہیں، جنہوں نے اپنی انتھک محنت اور یکسوئی کے ذریعے یہ مقام حاصل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بشری کا یہ کارنامہ دیگر طلبہ کے لیے بھی مشعلِ راہ ہے۔
اہلِ خانہ نے بھی بشری ناز کی اس کامیابی پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا ہے۔ ان کے والد مظہر عالم، جو پنجاب کیسری گروپ سے وابستہ ایک معروف صحافی ہیں، نے کہا کہ ان کی بیٹی کی کامیابی دراصل اس کی مسلسل محنت اور اساتذہ کی رہنمائی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کے روشن مستقبل کے لیے پرامید ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ آگے چل کر قوم و ملت کا نام مزید روشن کرے۔
جالندھر کے وارڈ نمبر 39کھانبڑہ کی رہنے والی بشری ناز کی یہ کامیابی خاص طور پر مسلم طالبات کے لیے ایک حوصلہ افزا پیغام ہے کہ اگر عزم مضبوط ہو اور محنت سچی ہو تو کسی بھی میدان میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ان کی یہ کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ موجودہ دور میں تعلیم کے میدان میں لڑکیاں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ مظہر عالم نہ صرف صحافت کے میدان میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں بلکہ سماجی و ملی کاموں میں بھی سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ اس وقت مسجد قباء کھانبڑہ کے صدر اور جمعیت علما ہند کے ضلع صدر کی حیثیت سے بھی اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ بشریٰ ناز کی کامیابی پر مختلف سماجی، تعلیمی اور مذہبی شخصیات کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

