عمران پرتاپ گڑھی کی شاندار پہل کی ستائش، کہا ملک آئین اور محبت سے چلے گا
نئی دہلی: راہل گاندھی نے کانگریس کے نو تعمیر شدہ ہیڈکوارٹر “اندرا بھون” میں منعقد مائنارٹی ایڈوائزری کونسل کی پہلی میٹنگ میں شرکت کی۔ اس اہم اجلاس کا انعقاد آل انڈیا کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے قومی صدر اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی کی قیادت میں کیا گیا۔
اس موقع پر راہل گاندھی نے عمران پرتاپ گڑھی کی اس پہل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے اقلیتی طبقات، سماجی کارکنان اور کانگریس رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا آئین اور بھائی چارے کے تحفظ کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔
اجلاس میں ملک کے سماجی تانے بانے، آئینی اقدار اور جمہوری آزادیوں کو درپیش خطرات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے فرقہ وارانہ اور نفرت انگیز طاقتوں کی جانب سے ملک کے بھائی چارے اور جمہوری قدروں کو نقصان پہنچانے کی کوششوں پر تشویش ظاہر کی۔

اپنے خطاب میں راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کی نفرت کی سیاست زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک جس معاشی بحران کی طرف بڑھ رہا ہے، وہ نفرت کی سیاست کو کمزور کر دے گا۔
راہل گاندھی نے کہا:
“مجھے معلوم ہے کہ آپ کو ڈرایا جا رہا ہے، آپ کو جھوٹے مقدمات میں پھنسایا جا رہا ہے، لیکن آپ خوفزدہ نہ ہوں۔ یہ ملک آئین سے چلے گا، محبت سے چلے گا۔ کانگریس پارٹی ہر مظلوم اور کمزور کے ساتھ کھڑی ہے۔”
انہوں نے اقلیتی طبقے سے اپیل کی کہ وہ سیاست میں اپنی شراکت داری بڑھائیں، اپنی آواز بلند کریں اور کانگریس اقلیتی شعبہ کو مزید مضبوط بنائیں۔
اس موقع پر عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ مسلم، سکھ، عیسائی، جین اور بودھ سمیت تمام اقلیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، لیکن راہل گاندھی اور کانگریس پارٹی ہر ظلم کے خلاف مضبوطی سے کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جس کے ساتھ بھی ناانصافی ہوگی، کانگریس پارٹی اس کے ساتھ آواز اٹھائے گی۔
اجلاس میں ملک کی مختلف ریاستوں سے آئے اقلیتی رہنماؤں، سماجی کارکنان اور کانگریس عہدیداران نے شرکت کی اور آئینی اقدار، بھائی چارے اور جمہوریت کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔

