آگرہ، عید الاضحی کے موقع پر اتر پردیش حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ مسجد نہر والی آگرہ کے خطیب محمد اقبال نے عوام سے کہا ہے کہ عید کے تہوار کو امن، بھائی چارے اور صفائی کے ساتھ منایا جائے تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی یا تنازع سے بچا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ قربانی صرف مقررہ اور مناسب مقامات پر کی جائے، کسی بھی کھلی یا عوامی جگہ پر قربانی نہ کی جائے۔ اس کے ساتھ ہی قربانی کے جانوروں کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے یوٹیوب، واٹس ایپ اور فیس بک پر شیئر کرنے سے بھی گریز کیا جائے۔
محمد اقبال نے نماز عید کے تعلق سے کہا کہ کسی بھی صورت میں سڑکوں پر نماز ادا نہ کی جائے۔ اگر کسی مسجد میں جگہ کم ہو تو وہاں دوسری یا تیسری جماعت کا اہتمام کیا جائے اور مقامی لوگوں کو پہلے سے اس کی اطلاع دے دی جائے تاکہ نظم و ضبط برقرار رہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے آس پاس صفائی کا خاص خیال رکھیں اور مقامی پولیس و انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ تہوار کے دوران صبر، تحمل اور بھائی چارے کا مظاہرہ ہی معاشرے میں اچھا پیغام دیتا ہے۔
آخر میں محمد اقبال نے لوگوں سے اس بیداری پیغام کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی کو پرامن اور خوشگوار ماحول میں منانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

