
فیزیوتھراپی میں داخلہ حاصل کرکے روشن کیا خاندان کا نام، انجمن حمایتِ اسلام ویلفیئر سوسائٹی کے سکریٹری التمش رحمانی نے گلدستہ پیش کرکے بڑھایا حوصلہ
بھاگلپور: مسلم معاشرے میں تعلیمِ نسواں کو فروغ دینے اور بیٹیوں کی حوصلہ افزائی کے مقصد سے انجمن حمایتِ اسلام ویلفیئر سوسائٹی، ضلع بھاگلپور کی جانب سے ایک قابلِ ستائش پہل کی گئی۔ فیزیوتھراپی جیسے اہم طبی شعبے میں داخلہ حاصل کرنے والی قوم کی دو ہونہار طالبات ساریہ، دختر محمد شمس الضحیٰ، اور ثانیہ سفیر، دختر محمد سفیر، کا سوسائٹی کے سکریٹری التمش رحمانی نے گلدستہ پیش کرکے استقبال کیا اور انہیں مبارک باد دی۔

اس موقع پر التمش رحمانی نے دونوں طالبات کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کے شعبے، بالخصوص فیزیوتھراپی میں مسلم بیٹیوں کا داخلہ حاصل کرنا ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ پورے ضلع بھاگلپور اور معاشرے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹیوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ایک ترقی یافتہ اور بااختیار معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے۔ تعلیم یافتہ بیٹیاں نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب کے دوران دونوں طالبات کے والدین، سرپرست اور انجمن حمایتِ اسلام ویلفیئر سوسائٹی کے معزز اراکین بھی موجود رہے۔ شرکاء نے سوسائٹی کی اس پہل کو سراہتے ہوئے دونوں طالبات کے بہتر مستقبل، تعلیمی کامیابی اور کامیاب پیشہ ورانہ زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
