ممبئی میں شاندار تعلیمی کانفرنس کا انعقاد، نئی نسل میں تعلیمی بیداری، سماجی شعور اور سیاسی بصیرت پیدا کرنے پر زور
ممبئی، ۔ ملک کے عظیم مجاہدِ آزادی، مفکرِ ملت، ممتاز دانشور اور بھارت رتن امام الہند مولانا ابوالکلام آزادؒ کے یومِ ولادت کے موقع پر آل انڈیا علماء بورڈ کے زیرِ اہتمام ملک بھر میں یومِ تعلیم کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ ایجوکیشن ونگ کی قومی صدر پرنسپل شابانہ وکیل خان کی قیادت میں ملک کے تقریباً 37 مختلف مقامات پر تعلیمی کانفرنسیں، سیمینار اور بیداری پروگرام منعقد کیے گئے، جن میں مولانا آزادؒ کی ملی، قومی اور تعلیمی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

ان تقریبات کا بنیادی مقصد مولانا آزادؒ کے تعلیمی افکار و نظریات کو عام کرنا، ملت میں تعلیمی بیداری پیدا کرنا، نئی نسل میں علمی شعور اور سیاسی بصیرت کو فروغ دینا اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں تعلیم کے اہم کردار کو اجاگر کرنا تھا۔ مختلف مقامات پر منعقدہ پروگراموں میں ماہرینِ تعلیم، دانشوروں، سماجی کارکنوں اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی اور اپنے خیالات و تجربات کی روشنی میں قوم کی تعلیمی و سماجی رہنمائی کی۔
اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ممبئی میں 11 نومبر 2026ء کو VK English School میں آل انڈیا علماء بورڈ کے ایجوکیشن ونگ کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی یومِ تعلیم کانفرنس رہی۔ اس کانفرنس میں شہر کی ممتاز علمی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء میں مولانا اصغر علی حیدری، ڈاکٹر احمد رانا، وکیل خان، ڈاکٹر عبدالقادر سید، مولانا ثابت علی نقشبندی، ڈاکٹر بدرالحسن صدیقی، مولانا حسن کمال گرافک، سلیم سوپاری والا، آصف خان، صابر خان، سعید اکبر خان، نظام سر، لیاقت خان، اشتیاق سر، رضوان سر، چندو سنائی، انیل شرما، شبنم خواجہ، طوبیٰ خان اور تسنیم صاحبان شامل تھے۔
کانفرنس میں مولانا ابوالکلام آزادؒ کے تعلیمی افکار کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ قوم کی ترقی کا راستہ معیاری تعلیم، تعلیمی شعور، سماجی بیداری اور سیاسی بصیرت سے ہوکر گزرتا ہے۔
اس موقع پر پرنسپل شابانہ وکیل خان نے کہا کہ صرف تعلیمی اداروں کا قیام کافی نہیں، بلکہ ہر بچے تک تعلیم کی رسائی، نوجوانوں کی صحیح رہنمائی اور معاشرے میں علم و شعور کا فروغ بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تقریب میں آل انڈیا علماء بورڈ کے قومی صدر مولانا نوشاد احمد صدیقی، ایجوکیشن ونگ کی قومی صدر پرنسپل شابانہ وکیل خان، علامہ بنئی حسنی، مفتی طاہر حسین مظاہری، بادشاہ خان، مولانا نورالدین احمد، حاجی سہیل پٹیل اشرفی اور مولانا نوشاد علی قاسمی سمیت متعدد اہم شخصیات اور تعلیمی و سماجی نمائندوں کی شرکت اور خدمات قابلِ ذکر رہیں۔
مقررین نے تعلیم کے ساتھ ساتھ سیاسی شعور، سماجی ذمہ داری اور قومی تعمیر میں نئی نسل کی مؤثر شرکت کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ شرکاء کی جانب سے پیش کردہ تجاویز اور مفید مشوروں کا خیرمقدم کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ان تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
کانفرنس کے اختتام پر منتظمین نے تمام معزز مہمانوں، مقررین، دانشوروں، اساتذہ، سماجی کارکنوں اور انتظامی ٹیم کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا۔
منتظمین کے مطابق یہ تقریبات محض یومِ ولادت کی یادگار نہیں بلکہ مولانا آزادؒ کے اس عظیم تعلیمی مشن کو آگے بڑھانے کی سنجیدہ کوشش ہیں، جس کا خواب ایک باشعور، تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ ہندوستان تھا۔
آل انڈیا علماء بورڈ کے اس ملک گیر اقدام کے ذریعے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تعلیم کو ہر بچے کا بنیادی حق سمجھتے ہوئے قوم میں علمی بیداری، سماجی شعور اور مثبت سیاسی بصیرت پیدا کرنے کی جدوجہد آئندہ بھی جاری رکھی جائے گی۔
