مکہ مکرمہ / مدینہ منورہ: ادارہ امور حرمین شریفین نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف کے خواہشمند افراد کے لیے رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اعتکاف کی رجسٹریشن کے لیے ادارہ حرمین کی سرکاری ویب سائٹ پر آن لائن سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اعتکاف کرنے کے خواہشمند مرد و خواتین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ویب سائٹ پر اپنا اکاؤنٹ بنائیں، یا اگر پہلے سے اکاؤنٹ موجود ہو تو اسی کے ذریعے لاگ اِن کریں۔
اعتکاف کی مدت
حرمین شریفین میں اعتکاف کا آغاز 20 رمضان المبارک سے ہوگا، جو 30 رمضان المبارک (شوال کا چاند نظر آنے تک) جاری رہے گا۔
محدود نشستیں، جلد رجسٹریشن کی ہدایت
ادارہ امور حرمین شریفین کا کہنا ہے کہ اعتکاف کے لیے نشستوں کی تعداد محدود ہے۔ مقررہ تعداد مکمل ہوتے ہی رجسٹریشن کا عمل بند کر دیا جائے گا، اس لیے خواہشمند حضرات جلد از جلد اپنی رجسٹریشن مکمل کریں۔
واضح رہے کہ ہر سال رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اندرون و بیرونِ مملکت سے بڑی تعداد میں زائرین مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے کے لیے آتے ہیں، جن کے لیے ادارہ حرمین کی جانب سے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
— Times of TAJ

