آسام اسمبلی انتخابات 2026 کے پیش نظر کانگریس پارٹی نے ایک اہم تنظیمی فیصلہ لیتے ہوئے ضلع وارانسی (اتر پردیش) کے رہائشی اور پارٹی کے سرگرم و مخلص رہنما حاجی محمد توفیق قریشی کو جالوک باڑی اسمبلی حلقہ کا مبصر (Observer) مقرر کیا ہے۔
یہ تقرری کانگریس کے مرکزی قیادت اور عمران پرتاپ گڑھی (صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ و رکن راجیہ سبھا) کی ہدایت پر عمل میں آئی ہے۔
اس موقع پر حاجی محمد توفیق قریشی نے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، سابق صدر سونیا گاندھی، سینئر رہنما راہل گاندھی، جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، رکن راجیہ سبھا عمران پرتاپ گڑھی، رکن پارلیمنٹ گورو گگوئی، سینئر رہنما جتیندر سنگھ اور اقبال احمد سمیت تمام قائدین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے جو اعتماد ان پر ظاہر کیا ہے، اس کے لیے وہ بے حد ممنون ہیں اور پوری دیانت داری، محنت اور خلوص کے ساتھ اپنی ذمہ داری ادا کریں گے، ساتھ ہی تنظیم کو مضبوط بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
جالوک باڑی حلقہ کی اہمیت
جالوک باڑی اسمبلی حلقہ آسام کی نہایت اہم اور ہائی پروفائل نشستوں میں شمار ہوتا ہے۔ یہ گوہاٹی لوک سبھا حلقہ کے تحت آتا ہے اور ریاست کی سیاست میں فیصلہ کن کردار ادا کرتا ہے۔ موجودہ وزیر اعلیٰ کی نشست ہونے کی وجہ سے یہاں کے انتخابات پورے صوبے میں خاص توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔
یہ حلقہ سیاسی اعتبار سے نہایت حساس اور اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے، جہاں مختلف طبقات اور برادریوں کی نمایاں نمائندگی پائی جاتی ہے۔ اسی لیے اسے عوامی رائے اور سماجی توازن کا آئینہ دار بھی مانا جاتا ہے۔ تمام بڑی سیاسی جماعتیں اس حلقہ پر خصوصی توجہ دیتی ہیں اور یہاں کی انتخابی سرگرمیاں پورے آسام کی سیاست پر اثر انداز ہوتی ہیں۔
تنظیمی استحکام کی جانب اہم قدم
حاجی محمد توفیق قریشی کی یہ تقرری کانگریس پارٹی کے تنظیمی استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ ان کے تجربہ، فعالیت اور وابستگی سے آسام اسمبلی انتخابات 2026 میں پارٹی کو یقینی طور پر تقویت ملنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

