بھوپال: مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری محمد عمر قاسمی نے صدرِ جمہوریہ ہند اور وزیرِ اعظم ہند کو ایک یادداشت (میمورنڈم) ارسال کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گائے کو ہندوستان کا قومی جانور قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گائے صدیوں سے ہندوستانی تہذیب، ثقافت، روایات اور دیہی معیشت کا اہم ستون رہی ہے، اس لیے اس کے تحفظ اور فروغ کو قومی ترجیح دی جانی چاہیے۔
اپنی میمورنڈم میں محمد عمر قاسمی نے کہا کہ قدیم زمانے سے ہندوستانی معاشرے میں گائے کو خصوصی احترام حاصل رہا ہے۔ زراعت، دودھ کی پیداوار اور نامیاتی کھیتی میں گائے کا کردار نہایت اہم ہے۔ گائے سے حاصل ہونے والا دودھ، دہی، گھی اور دیگر دودھ سے بنی غذائیں انسانی صحت اور غذائیت کے اہم ذرائع ہیں، جبکہ گوبر کا استعمال نامیاتی کھاد، توانائی کی پیداوار اور دیگر مفید کاموں میں بڑے پیمانے پر کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی ثقافت میں گائے کو مادری حیثیت حاصل ہے اور مختلف مذہبی و سماجی روایات میں اسے نمایاں مقام حاصل ہے۔ ایسے میں اس کی ثقافتی، معاشی اور سماجی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے ہندوستان کا قومی جانور قرار دیا جانا چاہیے۔
محمد عمر قاسمی نے اپنے میمورنڈم میں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس اہم مطالبے پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے ضروری فیصلہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر گائے کو قومی جانور قرار دیا جاتا ہے تو اس کے تحفظ، افزائش اور فروغ کو مزید تقویت ملے گی، نیز معاشرے میں اس کے احترام اور اہمیت کے بارے میں عوامی شعور بھی مضبوط ہوگا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت ملک کے ثقافتی ورثے، دیہی معیشت اور قومی مفاد سے وابستہ اس اہم معاملے پر مثبت اقدام کرتے ہوئے مناسب فیصلہ کرے گی۔
جاری کنندہ:
محمد عمر قاسمی
سکریٹری، مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی

