آگرہ :جب شدید سردی کے باعث درجۂ حرارت مسلسل گرتا جا رہا ہے اور راتیں نہایت سرد ہوتی جا رہی ہیں، ایسے میں اتر پردیش مسلم مہاپنچایت غریب، بے سہارا اور ضرورت مند افراد کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ تنظیم نے اس سال بھی مسلسل بارہویں سال مفت کمبل تقسیم کر کے انسانیت کی شاندار مثال قائم کی ہے۔
مہاپنچایت کے سماجی کارکنان نے شہر کے مختلف علاقوں میں جا کر کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے والے غریبوں، مزدوروں، بزرگوں اور بے سہارا افراد میں کمبل تقسیم کیے۔ اس مہم کے دوران سیکڑوں مستحق افراد کو کمبل فراہم کیے گئے، جس سے انہیں سخت سردی سے کچھ راحت ملی۔
اس موقع پر صوبائی سرپنچ ندیم نور نے کہا کہ سردی کا موسم سب سے زیادہ ان لوگوں کے لیے تکلیف دہ ہوتا ہے جن کے پاس نہ پکی چھت ہوتی ہے اور نہ ہی سردی سے بچاؤ کے مناسب وسائل۔
انہوں نے کہا، “انسانیت کے ناطے ضرورت مندوں کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے۔ یہ مہم پورے موسمِ سرما میں جاری رہے گی تاکہ کوئی بھی شخص سردی کے باعث جان سے ہاتھ نہ دھو بیٹھے۔”
کمبل حاصل کر کے مستحقین کے چہروں پر خوشی نمایاں تھی۔ کئی بزرگوں اور مزدوروں نے بتایا کہ سرد راتوں میں سونا مشکل ہو گیا تھا، لیکن کمبل ملنے کے بعد انہیں کافی راحت محسوس ہو رہی ہے۔
امجد قریشی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کے فلاحی اور انسانی کاموں میں آگے آ کر تعاون کریں۔ جبکہ ایم اے کاظمی نے کہا کہ معاشرے کے صاحبِ حیثیت افراد کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کمزور اور بے سہارا طبقے کے ساتھ کھڑے ہوں۔
اس موقع پر ندیم نور، ایم اے کاظمی، امجد قریشی، بندن میاں، انور پہلوان، یاسین صدیقی، ندیم ٹھیکیدار، عمران ہاشمی، معین قریشی، عادل قاضی، آصف اغائی، پرویز خان، قاسم قریشی سمیت دیگر افراد موجود رہے۔

