نئی دہلی: ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن نے تعلیمی سال کے آغاز پر اپنے سالانہ اسکول کٹ تقسیم پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کے تحت شمالی ہندوستان کی 12 ریاستوں میں 100 سے زائد اسکولوں اور دیہات کے 5,000 مستحق طلبہ کو اسکول بیگ، نوٹ بکس، اسٹیشنری اور دیگر ضروری تعلیمی سامان پر مشتمل اسکول کٹس فراہم کی جائیں گی۔
فاؤنڈیشن کے ایجوکیشن مینیجر شارق انصر نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد معاشی طور پر کمزور اور محروم خاندانوں کے بچوں کو تعلیمی وسائل فراہم کرکے ان کی تعلیم کے تسلسل کو یقینی بنانا اور والدین پر مالی بوجھ کم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ
اینول اسٹیٹس آف ایجوکیشن رپورٹ (ASER) 2024کے مطابق اگرچہ دیہی ہندوستان، خصوصاً شمالی ریاستوں میں اسکولوں میں داخلے کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، تاہم ہزاروں بچے غربت اور تعلیمی وسائل کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس سے بچوں کی باقاعدہ حاضری، تعلیمی دلچسپی اور اسکول چھوڑنے کے رجحان میں کمی لانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
شارق انصر کا ماننا ہے کہ معیاری تعلیم تک ہر بچے کی رسائی اس کے بنیادی مشن کا حصہ ہے، اور وہ آئندہ بھی محروم طبقات کے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے ایسے فلاحی اور تعلیمی اقدامات جاری رکھیں گے ۔

