آگرہ، 24 جولائی: حضرت سیدنا شاہ امیر ابوالعلیٰؒ کے 387ویں عرسِ مبارک کے موقع پر جمعہ کے روز درگاہ شریف پر نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ غسل، صندل مالی اور چادر پوشی کی روحانی تقریب منعقد ہوئی۔
مزارِ اقدس کا غسل سجادہ نشین و متولی حضرت سید محتشم علی ابوالعلائی نے روایتی طریقے کے مطابق انجام دیا۔ اس موقع پر نائب سجادگان سید وراثت علی ابوالعلائی، سید اشاعت علی ابوالعلائی، سید کیف علی ابوالعلائی کے علاوہ ذاکر علی دانش (حیدرآباد)، صوفی زبیر میاں (حیدرآباد)، مولانا سید امین میاں (اجمیر)، مولانا نظام الدین ہارونی چشتی (حیدرآباد)، سید اقبال علی، سید عریب علی، سید عاصم علی، سید شہاب علی، سید اظہر علی اور حاجی نوشاد شفیق ارشاد سمیت بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے صندل اور چادر شریف پیش کی۔
اس موقع پر بارگاہِ سیدنا سرکار میں ملک میں امن، سکون، اتحاد، بھائی چارے اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
سجادہ نشین سید محتشم علی ابوالعلائی نے بتایا کہ حضرت سیدنا شاہ امیر ابوالعلیٰؒ کے دادا حضرت خواجہ امیر عبدالسلامؒ اپنے پورے خاندان کے ساتھ سمرقند سے شہنشاہ اکبر کے دورِ حکومت میں ہندوستان تشریف لائے تھے۔ سفر کے دوران اللہ تعالیٰ کے حکم سے انہوں نے دہلی کے قریب قصبہ نریلا میں کچھ عرصہ قیام فرمایا، جہاں 990 ہجری میں حضرت سیدنا شاہ امیر ابوالعلیٰؒ کی ولادت باسعادت ہوئی۔ آپؒ کی تعلیمات محبت، انسانیت، اخوت اور رواداری کا پیغام دیتی ہیں، جن پر آج بھی لاکھوں عقیدت مند عمل پیرا ہیں۔


