نیشنل کو آرڈینٹر نے ‘پروجیکٹ راحت’ کی تفصیلات سے آگاہ کیا
ہنگامی اور انسانی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے سرگرم سماجی تنظیم سوسائٹی فار برائٹ فیوچر (SBF) نے سردیوں کے خصوصی امدادی منصوبے ’پروجیکٹ راحت‘ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت شدید سردی سے متاثرہ اور ضرورت مند خاندانوں میں کمبل تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
ایس بی ایف کے نیشنل کوآرڈینیٹر عرفان احمد نے ابوالفضل انکلیو میں واقع تنظیم کے دفتر میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پروجیکٹ راحت 2025-26 کے تحت آئندہ مہینوں میں مختلف ریاستوں میں اس مہم کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت یہ امدادی کام ملک کی شمالی بھارت کی 15 ریاستوں میں جاری ہے۔ عرفان احمد کے مطابق، سوسائٹی فار برائٹ فیوچر گزشتہ برسوں میں مجموعی طور پر تین لاکھ بیس ہزار کمبل مستحقین میں تقسیم کر چکی ہے، جبکہ اس سال کا ہدف بیس ہزار خاندانوں تک براہِ راست امداد پہنچانا ہے۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ سردی کے موسم میں غریب اور بے سہارا طبقے کو محفوظ رکھنا تنظیم کی اولین ترجیح ہے اور سماج کے صاحبِ استطاعت افراد سے بھی اس مہم میں تعاون کی اپیل کی۔

