آگرہ:دعوتِ اسلامی انڈیا کی سماجی اکائی غریب نواز ریلیف فاؤنڈیشن (GNRF) کے زیرِ اہتمام ’’Say No To Drugs‘‘ کے عنوان سے نشہ مکتی عوامی بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد معاشرے میں تیزی سے پھیلتی ہوئی نشہ آوری کی لعنت کے خلاف مؤثر شعور بیدار کرنا اور بالخصوص نوجوانوں کو نشے سے دور رکھ کر ایک صحت مند، محفوظ اور نشہ سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لیے آمادہ کرنا تھا۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے GNRF ممبئی ریجن کے ذمہ دار پروفیسر عارف عطاری نے نشہ کے فرد، خاندان اور معاشرے پر پڑنے والے سنگین اور منفی اثرات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بڑی اسکرین پر ویڈیو اور پی پی ٹی پریزنٹیشن کے ذریعے نشہ جیسی مہلک بیماری سے خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنے کے مؤثر طریقے بتائے۔
انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ نشہ کے خلاف اس مہم میں غریب نواز ریلیف فاؤنڈیشن کا بھرپور تعاون کریں تاکہ ایک صحت مند اور مضبوط معاشرہ تشکیل دیا جا سکے، جو ملک کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
اس موقع پر حاجی سلطان صاحب نے خطاب کرتے ہوئے سماج میں پھیلی ہوئی برائیوں کو ختم کرنے، آپسی محبت و بھائی چارے کو فروغ دینے اور ملک کی ترقی کے لیے سب کو متحد ہو کر کام کرنے کی تلقین کی۔
پروگرام میں ایف ایچ ہاسپٹل کے ڈائریکٹر حاجی رضوان، درگاہ کے سجادہ نشین سید محتشم علی، پارشد منوج بھائی، رضا خان، حاجی شانو قریشی ایڈووکیٹ، عارف عطاری سمیت غریب نواز ریلیف فاؤنڈیشن کے عہدیداران اور بڑی تعداد میں معزز شہری موجود رہے۔
یہ عوامی بیداری پروگرام درگاہ امیر ابو العلاء، میلہ گراؤنڈ، کربلا، نیو آگرہ، آگرہ میں منعقد کیا گیا، جس میں مقامی عوام اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے نشہ سے پاک معاشرے کے عزم کا اعادہ کیا۔

