نئی دہلی: الحمد للہ جماعت اسلامی ہند، لکشمی نگر یونٹ کے تحت للیتا پارک سرکل یونٹ کی جانب سے درس قرآن پروگرام منعقد کیا گیا۔ یہ پروگرام ایک مینار مسجد کے احاطے میں واقع ایک دکان میں منعقد ہوا، جس کے لیے مسجد کے متولی ایس ٹی رضا صاحب کے تعاون سے اجازت حاصل ہوئی۔ جماعت کے ذمہ داران نے اس موقع کو تحریکِ اسلامی کے ایک چھوٹے سے قافلے کے لیے بڑی کامیابی قرار دیا اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ مسجد کے اندر نہ سہی مگر مسجد کے احاطے میں قرآن فہمی کی مجلس قائم کرنے کا موقع میسر آیا۔
اس پروگرام میں امیر مقامی لکشمی نگر یونٹ فلاح الدین فلاحی نے سورہ التغابن کی دو آیات کا ترجمہ اور مختصر مگر جامع تفسیر پیش کی۔ انہوں نے آیات کی روشنی میں بتایا کہ کائنات کی ہر چیز اللہ تعالیٰ کی تسبیح میں مصروف ہے اور بادشاہی مکمل طور پر اللہ ہی کے لیے ہے۔ انہوں نے تقریباً آدھے گھنٹے تک نہایت مو ¿ثر انداز میں اس حقیقت کو واضح کیا کہ اللہ کی کبریائی اور اس کی حاکمیت مسلمانوں کی زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں ہونی چاہیے، خواہ وہ کاروبار ہو، گھر ہو، لین دین ہو یا تعلقات، ہر معاملے میں اللہ کی اطاعت اور اس کی مرضی کو مقدم رکھنا ہی کامیابی کی اصل بنیاد ہے۔
شرکائ نے درسِ قرآن کو نہایت روح پرور اور زندگی کو جھنجھوڑ دینے والا قرار دیا۔ حاضرین کے دلوں میں قرآن کریم کو سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور اسے دوسروں تک پہنچانے کا جذبہ مزید مضبوط ہوا۔
اس موقع پر جماعت کے سرگرم کارکنان میں اس ٹی رضا صاحب، واثق امام صاحب، محمد اسلم صاحب، اطہر حسین انصاری صاحب، مسرور عالم صاحب اورثنا اللہ صاحب سمیت دیگر افراد بھی موجود رہے۔ پروگرام کے اختتام پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ اس چھوٹی سی تحریک کو مضبوطی عطا فرمائے اور للیتا پارک کے علاقے میں دعوتِ دین اور درسِ قرآن کی روشنی عام ہو۔
جماعت کے ذمہ داران نے امید ظاہر کی کہ للیتا پارک سے اٹھنے والی یہ دعوتی کوشش ان شائ اللہ جلد ایک مضبوط تحریک کی شکل اختیار کرے گی اور وہ دن دور نہیں جب اس علاقے کے لوگ تحریکِ اسلامی کی دعوت کو قبول کریں گے اور اللہ کی کتاب کو سمجھنے اور سمجھانے کی طرف بھرپور رغبت اختیار کریں گے۔

