درگاہ حضرت سلیم چشتیؒ فتح پور سیکری کے سجادہ نشین ارشد فریدی خصوصی مہمان، ملک میں امن، ترقی اور بھائی چارے کے لیے خصوصی دعا
آگرہ، : سرتاجِ آگرہ حضرت سیدنا شاہ امیر ابوالعلاؒ کا کُل شریف 9 صفر 1448 ہجری، بروز سنیچر، درگاہ شریف پر نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوا۔ کُل شریف کی رسم سجادہ نشین و متولی حضرت سید محتشم علی ابوالعلائی کی سرپرستی میں ادا کی گئی۔
اس موقع پر درگاہ حضرت سلیم چشتیؒ فتح پور سیکری کے سجادہ نشین جناب ارشد فریدی بطور خصوصی مہمان شریک ہوئے، جن کا درگاہ انتظامیہ اور عقیدت مندوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس کے علاوہ نائب سجادگان حضرت سید وراثت علی ابوالعلائی، سید اشاعت علی ابوالعلائی، سید کیف علی ابوالعلائی، ذاکر علی دانش (حیدرآباد) اور صوفی زبیر میاں (حیدرآباد) بھی موجود رہے۔
تقریب میں سجادہ نشین کے اہلِ خانہ سے سید اقبال علی، سید عریب علی، سید عاصم علی، سید شہاب علی، سید اظہر علی سمیت ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے عقیدت مندوں اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کے بعد درگاہ شریف میں گلاب کے عرق کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ عقیدت مندوں کے مطابق کُل شریف کے موقع پر گلاب کے عرق کی پھوار نصیب ہونا سعادت اور قبولیتِ دعا کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
سجادہ نشین حضرت سید محتشم علی ابوالعلائی نے ملک کی ترقی، خوشحالی، امن و امان، باہمی بھائی چارے اور پوری انسانیت کی فلاح و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔
اس موقع پر حضرت سیدنا شاہ امیر ابوالعلاؒ کی دینی، روحانی اور سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی تعلیمات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
آخر میں تمام حاضرین نے ملک و ملت کی سلامتی، اتحاد، محبت اور عالمی امن کے لیے دعا کرتے ہوئے کُل شریف کی روحانی تقریب کا اختتام کیا۔

