آگرہ ۔ شہر کانگریس اقلیتی شعبہ کے سبکدوش صدر بشیر الحق راکی نے مرکزی حکومت اور وزیر اعظم کے حالیہ بیانات پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملک کے وزیر اعظم عوام سے یہ کہہ رہے ہیں کہ “ایک سال تک سونا مت خریدیے، سفر کم کیجیے، گیس، پٹرول اور ڈیزل کا استعمال صرف ضرورت کے وقت کیجیے”، تو یہ ملک کی خراب معاشی حالت اور عام آدمی کی پریشانیوں کا واضح ثبوت ہے۔
بشیر الحق راکی نے کہا کہ آج مہنگائی اپنی انتہا پر پہنچ چکی ہے۔ گھریلو گیس، پٹرول، ڈیزل اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، جس کا سب سے زیادہ اثر متوسط طبقہ، غریب اور مزدور طبقے پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی اپنے اخراجات میں کٹوتی کرنے پر مجبور ہیں، ایسے میں حکومت کو مشورے دینے کے بجائے مہنگائی کم کرنے کے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا عام شہری بے روزگاری، کاروباری بحران اور بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں راحت دے کر عوام کو معاشی سہارا فراہم کرے تاکہ لوگوں کی زندگی آسان ہو سکے۔
راکی نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ عام عوام کی آواز بلند کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی مہنگائی، بے روزگاری اور عوامی مسائل کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

