لکھنؤ ، انڈین یونین مسلم لیگ ا تر پردیش کے صدر ڈاکٹر محمّد متین خان نے جے ویر سنگھ کے نفرت انگیز بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک آئین و دستور سے چلے گا، کسی کے جذبات یا نفرت بھرے بیانات سے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ایک جمہوری اور سیکولر ملک ہے، جہاں آئین نے ہر شہری کو برابری، انصاف اور اپنے مذہبی فرائض کو مکمل آزادی کے ساتھ ادا کرنے کا حق دیا ہے۔ کسی بھی برادری کی مذہبی آزادی یا آئینی حقوق پر حملہ کرنا ملک کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔
ڈاکٹر محمد متین خان نے کہا کہ غصے اور نفرت کے جنون میں انسانیت مر جاتی ہے، اور افسوس کی بات یہ ہے کہ کچھ لوگ معاشرے میں نفرت پھیلا کر بھائی چارے اور امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایسے عناصر کی آواز کسی ایک مذہب یا سماج کی نمائندگی نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی نفرت پھیلانے والے عناصر جھوٹے بیانات اور افواہوں کے ذریعے سماج کو تقسیم کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا اور عوامی پلیٹ فارمز کا استعمال نفرت پھیلانے کے لیے نہیں بلکہ محبت، انسانیت اور باہمی بھائی چارے کو مضبوط کرنے کے لیے ہونا چاہیے۔
ڈاکٹر متین خان نے کہا کہ مذہب انسانیت، امن اور ایک دوسرے کے احترام کا پیغام دیتا ہے، لیکن کچھ لوگ اپنے سیاسی فائدے کے لیے معاشرے میں زہر گھولنے کا کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک کا قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کسی برادری کی مذہبی آزادی یا آئینی حقوق پر حملہ کرے۔
آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایسے نفرت انگیز بیانات سے ہوشیار رہیں اور ملک کی گنگا جمنی تہذیب، بھائی چارے اور آئین کے تحفظ کے لیے متحد رہیں۔

