مونگیر/بھاگل پور، :اردو زبان کے فروغ اور اس کے تعلیمی و ادبی امکانات کو مستحکم کرنے کے مقصد سے اردو ڈائریکٹریٹ، محکمۂ بہار کی ہدایات پر ضلع اردو زبان سیل، مونگیر کے زیر اہتمام مالی سال 2025-26 کے تحت آرٹ گیلری، مونگیر میں ایک روزہ سیمینار، مشاعرہ اور عمل گاہ کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ افتتاح اڈیشنل کلکٹر مونگیر جناب منوج کمار نے چراغ روشن کر کے کیا۔
اس موقع پر مونگیر ضلع کے مختلف بلاکس کے اسکولوں اور کالجوں سے وابستہ اردو اساتذہ، پروفیسران، دانشوران اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود رہی۔
صدرِ پروگرام نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اردو زبان کی ترقی کے لیے حکومت کی جانب سے مسلسل مختلف النوع پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اردو سیکھنے کے خواہشمند ملازمین اور عام افراد کے لیے مفت آن لائن تربیتی کورسز کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جب کہ ادبی و تعلیمی پروگرام، ورکشاپس اور سیمینارز کے ذریعے سماجی ہم آہنگی اور مشترکہ ثقافتی ورثے کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
پروگرام میں بطور مہمانِ خصوصی ضلع اقلیتی فلاح کے سینئر افسر جناب راگویندر کمار دِیک، سینئر ڈپٹی کلکٹر مونگیر جناب محمد وسیم رضا، ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر (تعلیم) جناب فرخ رحمان اور بلاک ایجوکیشن آفیسر جناب ودھیا ساگر نے شرکت کی۔
مندوبین کی حیثیت سے پروفیسر ڈاکٹر شاہد رضا جمال، ڈاکٹر محمد زین الحق شمسی، جناب عبد اللہ بخاری (چیئرمین وقف بورڈ، مونگیر) شریک ہوئے۔ مقالہ نگاروں میں ڈاکٹر صبیحہ نسرین، جناب سید محمد عقیل اور جناب رئیس الرضا شامل تھے۔
مشاعرے میں جناب اختر آزاد، جناب اقبال احمد، جناب ابو محمد سحر، جناب امام الدین انیس، جناب النجم حسن ہلچل، جناب شنکر کیموری، جناب عبد الشکور انصاری، محمد حسین، صابر انور اور احسان نے اپنا کلام پیش کیا جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔
طلبہ و طالبات کی نمائندگی محمد افضل، کلثوم پروین، محترمہ نہان خاتون، زینب فاطمہ اور نیہا پروین نے کی۔
آخر میں ضلع اردو زبان سیل کے انچارج آفیسر جناب جاوید اختر نے تمام معزز مہمانوں، مقررین، شعرا اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی اس طرح کے بامقصد پروگراموں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔

