“یونانی طب میں جدّت اور ترقی” اس سال کا موضوع قرار
آگرہ۔ عظیم یونانی طبیب، نامور محقق، ماہر معالج اور مجاہدِ آزادی حکیم اجمل خان کی یومِ پیدائش کے موقع پر ضلع میں یونانی ڈے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے حکیم اجمل خان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے یونانی نظامِ طب کے فروغ اور استحکام کے عزم کا اعادہ کیا۔
مقررین نے کہا کہ حکیم اجمل خان نے ہندوستان میں یونانی طب کو نئی شناخت عطا کی اور اس کی مضبوط بنیاد رکھی۔ ان کی کاوشوں سے یہ نظامِ علاج نہ صرف ملک میں مستحکم ہوا بلکہ تحقیق اور تعلیم کے میدان میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی۔ اس موقع پر معزز وزیرِ اعظم ہند اور معزز وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے یونانی طب کے فروغ کے لیے کیے جا رہے اقدامات کو بھی سراہا گیا۔
اس سال یونانی ڈے کا موضوع “یونانی طب میں جدّت اور ترقی” رکھا گیا، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ یونانی طب اپنی شاندار روایتی بنیادوں پر قائم رہتے ہوئے جدید طبی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلسل ترقی کر رہی ہے۔ مقررین نے سائنسی توثیق کو مضبوط بنانے، تحقیق کے فروغ اور صحت کی خدمات میں جدّت پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر مختلف اہم اداروں کی جانب سے تحقیقی مطبوعات کا اجراء بھی عمل میں آیا، جو علم میں اضافے اور یونانی طب کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔
ضلع آیورویدک و یونانی افسر آگرہ ڈاکٹر ایم ایس عالم کی سرپرستی میں منعقدہ پروگرام میں ڈاکٹر بی بی یادو، ڈاکٹر ایس کے سنگھ، ڈاکٹر ومل کمار، ڈاکٹر عریز شیروانی، ڈاکٹر ونود، ڈاکٹر کسم بالا، ڈی پی ایم آیوش محترمہ سومیا شرما، جناب راہل، جناب اعجاز سمیت تمام عملہ موجود رہا۔
تقریب کے اختتام پر یونانی نظامِ طب کو عوام تک مؤثر انداز میں پہنچانے اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

